وحدت نیوز (مانٹرنگ ڈیسک ) عراق کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں 39 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کے مختلف شہروں میں 14 کار بم دھماکے ہوئے جن میں 39 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق بغداد کے جنوب میں واقع شہر الحلتة میں 4 بم دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں صوبائی کونسل کے سربراہ کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا لیکن خوش قسمتی سے ان کی جان کو کوئی نقصان نہیں ہوا جب کہ ان کا ایک محافظ ہلاک اور 4 دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں نزدیک واقع عمارتوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور سیکیورٹی فورسز نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا۔
عراق کے شہر بصرہ کی مارکیٹ میں گاڑی میں بم دھماکا ہوا جس میں 3 افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔ کربلا، نصریہ، کوت سمیت دیگر شہروں میں بھی بم دھماکوں میں 5 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ابو غریب، بعقوبہ، شرقات اور موصل میں فائرنگ کے واقعات میں 10 افراد دم توڑ گئے۔ واضح رہے کہ عراق میں فرقہ ورانہ فسادات اور پُر تشدد واقعات میں گزشتہ ہفتے 150 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جب کہ رواں سال اب تک 4 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔