وحدت نیوز (مظفرآباد /اسلام آباد) ملت تشیع کے منظم نسل کشی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کا احتجاج گیارہ روز سے جاری ، مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر میڈیا سیل سے جاری تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے اعلیٰ سطحی وفدنے قائد وحدت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی ، بھوک ہڑتال کیمپ جو کہ اسلام آباد میں 11روز سے جاری ہے میں علامہ تصور جوادی نے کابینہ اراکین کے ہمراہ شرکت کی ۔ اور قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریاستی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ ہم سلام پیش کرتے ہیں قائد وحدت کی جدوجہد کو ، ان کی استقامت و حوصلے کو کہ جو نہ صرف ملت تشیع بلکہ سنی ، دیوبندی، اہلحدیث ، ہندو ، سکھ ، عیسائی جس پر بھی ظلم ہوا ہے اس کی آواز بن کر بیٹھے ہیں ، ہر ظالم کے خلاف ہیں اور ہر مظلوم کے حامی ہیں اس نعرے کو عملی جامہ پہنایا ہے، ہمارا احتجاج ہمارے مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے اور وقت گزرنے کے ساتھ اس میں مزید شدت آتی جائے گی ، کسی طور پر اب پیچھے نہیں ہٹیں گے میدان میں موجود رہ کر ظالم کا مقابلہ کریں گے ، ظالم چاہے جو بھی ہو اس کا عبرتناک انجام چاہتے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان ، پارہ چنار اور کراچی میں ہونے والے ہمارے پروفیشنلز کے قاتلوں کو جلد تختہ دار پر دیکھنا چاہتے ہیں ، ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے جدوجہد کریں گے ۔ آخری دم تک مظلوموں و محروموں کے ساتھ کھڑے رہنا ہماری کمنٹمنٹ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ظالم جو بھی کر لے ہمارے اپنے مقصد و مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا ، انشاء اللہ ظالم کا انجام قریب ہے۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان قم المقدسہ کے وفد نے گزشتہ روز جامعہ روحانیت خیبر پختونخوا کے مسئولین سے ملاقات کی ، ملاقات میں جامعہ روحانیت کی جانب سے مولانا ریاض حسیں الحسینی، مولانا سید شیدا حسین جعفری اور ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے مولانا گلزار احمد جعفری اور دیگر موجود تھے، اس موقع پر پاکستان میں جاری احتجاج کے حوالے سے تبادلہ خیال گیا، جامعہ روحانیت مسئولین نے ایم ڈبلیو ایم کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔
وحدت نیوز(گلگت) ہم ہر مظلوم کی حمایت کرینگے اور ہر ظالم سے اظہار نفرت و برأت کرتے رہیں گے۔ہم اپنے شہداء کے پاک لہو کو دبنے نہیں دینگے اور ظالموں اور قاتلوں سے ہرگز مرعوب ہونگے چاہے کتنی ہی قربانی دینا پڑے۔ہم علامہ ناصر عباس کی جرات و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں جو مظلومین کی حمایت میں 11 روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل شیخ نیئر عباس نے گلگت میں علامہ راجہ ناصر عباس سے اظہار یکجہتی کی خاطر لگائے گئے علامتی بھوک ہڑتال کیمپ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ ملک بھر میں ڈاکٹرز، وکلاء، پروفیسرز اور دیگر شیعہ جوانوں کا کیا قصور تھا اور انہیں کس جرم میں قتل کیا گیا؟حکومت بتائے کہ ہمارے شہداء کے قاتل کیوں آزاد ہیں؟کیا یہ حکومت کی ذمہ د اری نہیں کہ اپنے شہریوں کے جان ومال کو تحفظ فراہم کرے؟انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مظلومیت کو شہداء کے جنازوں کے ساتھ زمین میں دفن ہونے نہیں دینگے،ہم کربلا والوں کے پیروکار ہیں جس طرح وارثین شہداء کربلا نے خون ناحق کو چھپنے نہیں دیا اسی طرح ملت تشیع اپنے شہیدوں کے خون کو چھپنے نہیں دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کا پاکستان چاہئے جس میں ہر کوئی اپنے مذہب پر آزادی سے عمل پیرا رہے ،ہمیں انتہا پسند پاکستا ن نہیں چاہئے جس کی کوکھ سے قاتل اور دہشتگردجنم لیں۔اس ملک کی آبیاری ہمارے شہداء کے خون سے ہوئی ہے اور آج تک ہمارے جوان ملک کی سلامتی کیلئے قربان ہورہے ہیں لیکن ملت تشیع کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک ریاست کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں خوف زدہ کرکے معاشرے میں تنہاکرنا چاہتا ہے ہم نے دشمن کے اس منصوبے کو خاک میں ملادیا ہے اور آج پاکستان کے تمام طبقات ہمارے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں اور مجلس وحدت آج ملک کے تمام مظلوم طبقات کی آواز بن چکی ہے۔
وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین قم کابینہ کے اجلاس میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے جاری احتجاج کی حمایت میں اب تک کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری، سیکرٹری سیاسیات و ارتباطات عاشق حسین آئی آر، سیکرٹری فرہنگ و ثقافت مختار مطہری، انچارج رائٹرز ونگ قم ساجد گوندل، سیکرٹری ارتباطات شاہد حسین عرفانی اور میڈیا کوآرڈنیٹر ابراہیم صابری نے کابینہ کو موجودہ فعالیت کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری نے عمومی کارکردگی کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں احتجاج شروع ہوتے ہی ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کی جانب سے ہمکاری اور تعاون کے لئے صوتی پیغام چلایا گیا، اس کے بعد شعبہ سیاسیات قم نے دعا اور احتجاجی نشست کا اہتمام کیا، اس کے بعد دوبارہ دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا، جس سے سیکرٹری امور خارجہ نے خود گفتگو کرکے صورتحال پر روشنی ڈالی، جس کے بعد فوری طور پر مراجع عظام سے ملاقاتوں کے سلسلہ پر کام شروع کر دیا گیا۔ انہوں نے اس حوالہ سے کہا کہ میڈیا سیل نے اول روز سے ہی مختلف سائٹوں اور اداروں کو کتبی مواد فراہم کیا، اس کے علاوہ گذشتہ نماز جمعہ کے اجتماع میں بھی تحریری مواد تقسیم کیا گیا۔ شعبہ فرہنگ و ثقافت کی جانب سے تصویری نمائش لگائی گئی اور دستخطی مہم کے لئے بینر بھی آویزاں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف بین الاقوامی سیاسی و مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، اراکین کابینہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کی اجازت کے ساتھ تہران میں قائم پاکستانی ایمبیسی کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا انتظام کیا جائے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کراچی نمائش چورنگی پر پانچ روز سے جاری بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملک بھر میں دہشت گردی سے شہید ہونے والے پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے شب شہدا ء منایا گیا شہریوں کی بری تعداد نے شرکت کی،شب شہداء پروگرام میں مختلف مکاتب فکر کے علماء کی خصوصی شرکت،شب شہداء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان مرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی کا کہنا تھا حکمران سن لیں ہم نے گھروں کو خیر باد کہہ دیا ہے،ہم اپنے شہداء کے لواحقین کو انصاف ملنے تک سڑکوں پر موجود رہیں گے،اور احتجاج کا یہ دائرہ پوری دنیا تک پھیلا دینگے،لندن ،امریکہ اور دیگر یورپی ممالک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،انہوں نے کہا ہم مظلوموں کی حمایت میں نکلے ہیں انشااللہ ظالم دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کاروائی تک ہم میداں میں حاضر رہیں گے ۔
علامہ باقر عباس زیدی نے وزیر اعظم کے ڈیرہ اسماعیل خان دورہ پر دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہداء کو فراموش کرنے کے عمل کو بے حسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہماری نسل کشی کو فراموش کرکے ہمارے زخموں پر نمک پاشی کی ہے اس کا خمیازہ ن لیگ آنے والے الیکشن میں بھگتے گی،سات دن سے ہمارے مکتب فکر کے لوگ انصاف کے لئے سڑکوں پر ہے لیکن ان بے حس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی،علامہ راجہ ناصر عباس جعفری گذشتہ سات دن سے بھوک ہڑتال پر ہے اور انکی کی صحت روز بہ روز بگڑ رہی ہے،کسی بھی نقصان کا ذمہ دار موجودہ بے حس حکمران ہونگے،ہم صبر کا دامن تھامے اپنے شہیدوں کے لئے انصاف مانگ رہے ہیں ،احتجاج اور دھرنوں کی ہماری تاریخ گواہ ہے کہ ہم پسپا ہونے گھروں سے نہیں نکلے،انشاللہ اپنے خون کے آخری قطرے تک ان ظالموں کیخلاف میداں میں موجود رہیں گے،جن کے سبب ہزاروں پاکستانیوں کے ہنستے بستے گھر اجڑ چکے ہیں،ملک میں مٹھی بھر شرپسندوں کو لگام دینے میں حکومت اور ریاستی ادارے ناکام ہوچکے ہیں،یہ قاتل اور درندے ہمارے ہی ریاستی اداروں کے پالے ہوئے ہیں جو آج محب وطن پاکستانیوں کو خاک و خون میں نہلا رہے ہیں،ہمارے حکمران اور اداروں کے غیر دانشمندانہ حکمت عملی نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے،انہوں نے کہاہم مزید اپنے پیاروں کی قربانی دینے کے لئے تیار نہیں شیعہ ٹارگٹ کلنگ ملک بھر میں ایک مکمل منصوبہ بندی کیساتھ شروع کی ہے
وحدت نیوز(گلگت) وزیر اعظم کا دورہ گلگت پانامہ لیکس سے پڑنے والے ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے سوا کچھ نہ تھا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے سپاسنامے میں سکردو روڈ کے تعمیر کے مطالبے کو وزیر اعظم نواز شریف نے یکسر نظر انداز کرکے ثابت کردیا کہ موجودہ حکومت بھی سکردو کے عوام کو پیپلز پارٹی حکومت کی طرح پانچ سال ٹرخاکے گزارے گی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو وزیر اعظم کے دورے سے انتہائی مایوسی ہوئی۔حالیہ طوفانی بارشوں سے گلگت بلتستان کا انفراسٹرکچر تباہ و برباد ہوچکا ہے جبکہ عوامی املاک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں اور اس تمام صورت حال میں کسی امداد کا اعلان تو درکنار وزیر اعظم نے تسلی کا ایک لفظ بولنا گوارا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا سب سے بڑا ریجن بلتستان جہاں کے عوام روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے پریشان ہیں اور اس روڈ پر سفر کرنا انتہائی اذیت کا باعث بنتا جارہا ہے کی از سر نو تعمیر کے سلسلے میں وزیر اعظم نے خاموش رہ کر عوام کو پیغام دیا کہ ان کی حکومت سکردو روڈ کی تعمیر میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہی ہے جبکہ صوبائی وزراء محض اخباری بیانات کے ذریعے سکردو روڈ کی تعمیر کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلتستان سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اس صورت حال میں اپنی ذمہ داری ادا کریں اور عوام کو اس اذیت ناک سفر سے نجات دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔