وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی ضلعی شورٰی کا اہم تنظیمی اجلاس پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی کی زیر صدارت مدرسہ باقر الصدر میں ہوا۔اجلاس میں تنظیم کے ضلعی سیٹ اپ کی سالانہ کارکردگی کا جائز ہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالق اسدی نے ضلع راولپنڈی کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں تنظیمی سیٹ اپ کی فعالیت لائق تحسین ہے۔ تنظیم کے عہدیدران و اراکین جس لگن سے قوم میں سیاسی و مذہبی شعور کی بیداری کے لیے کام کر رہے ہیں وہ بلاشبہ مثالی ہے۔ہمیں خوشی ہے کہ راولپنڈی کا ضلعی سیٹ اپ ایسے بابصیرت اور دانشمند افراد پر مشتمل ہے جو قوم کا حقیقی درد اور بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ضلعی شوری کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ ساجد شیرازی نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران راولپنڈی میں مجلس وحدت مسلمین کی اراکین اور یونٹس کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ مختلف علاقوں کے سو سے زائد دورے کیے اور لوگوں کو ایم ڈبلیو ایم کی سیاسی، مذہبی اور سماجی خدمات سے آگاہ کیا ۔اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے میلاد النبی کے پروگراموں سمیت دیگر دینی اجتماعوں میں بھی ہماری شرکت رہی جسے دوسرے مسالک کے افراد کی طرف سے بے حد سراہا گیا۔عزاداری کے حوالے سے درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اعلی پولیس افسران سے ملاقاتیں کی گئیں۔تنظیم کو سیاسی اعتبار سے مضبوط کرنے کے لیے کنٹونمنٹ اور بلدیاتی الیکشن میں ہم خیال امیدواروں سے رابطے ہوئے اور ہماری حمایت کے باعث مختلف سیاسی شخصیات نے الیکشن میں حوصلہ افزا نتائج حاصل کیے۔

ضلع راولپنڈی کے سرپرست علامہ علی اکبر کاظمی نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقررہ مدت میں ضلعی شورٰی کے اجلاس کا انعقاد انتہائی ضروری ہے تاکہ تنظیمی معاملات کو احسن انداز میں چلانے کے لے مشترکہ مشاورت سے آئندہ کا لائحہ عمل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہو گئی کہ ماہ محرم سے قبل ضلع راولپنڈی کے ہر علاقے میں مجلس وحدت مسلمین کا فعال یونٹ موجود ہو۔ مسلکی ہم آہنگی کے لیے دیگر مکتبہ فکر کے علما سے ملاقاتوں کے سلسلے کو بھی وسعت دی جا رہی ہے تاکہ تمام مسالک کے باہمی احترام کویقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں مرکزی معاون سیکریٹری امور سیاسیات آصف رضا،مولانا غلام محمد عابدی،مولانا اعوان علی شاہ،مولانا شیخ علی مظہر اور مولانا ظہیر سبزواری سمیت صوبے کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے سرپرست مولانا علی اکبر کاظمی نے کہا ہے کہ ہم نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور حوصلہ افزا نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔اس سلسلے میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیمیں بھی ہم سے رابطہ کر رہی ہیں ۔الیکشن شیڈول جاری ہونے کے بعد ہم نے باہمی گفت و شنید سے اہم فیصلے کرنے ہیں۔ ایم ڈ بلیو ایم مرکزی سیکریٹیریٹ میں ضلع راولپنڈی کی تنظیمی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا تنظیم سازی کے لیے ہم نے ٹیکسلا، مری ،چک بیلی سمیت بہت سارے دیگر علاقوں کا دورہ کیا ہے جہاں سے ہمیں خاطر خواہ نتائج حاصل ہوئے ہیں۔سانحہ عاشورہ کے بعد راولپنڈی میں شیعہ امام بارگاہ اور مقدسات جلانے کے الزام میں گرفتار افراد کی رہائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہ اس رہائی کے پس پردہ پولیس انتظامیہ کی ناقص تفتیش اور جانبدارنہ رویہ کارفرما ہے۔ہم نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا سوچ رہے ہیں۔یونٹ سازی کے عمل کو فعال کرنے کے لیے اور انتظامیہ سے بہترین روابط کے لیے ہم اگلے ہفتے ضلع راولپنڈی میں اہم تبدیلیاں کر رہے ہیں جس سے تنظیم کی ساکھ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گی۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین ضلع راولپنڈی کی جانب سے جامع مسجد روڈ پر استقبالیہ کیمپ لگایا اور نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے۔ اس موقع پر تحریک اسلام کے صدر علامہ حیدرعلوی سمیت متعد سنی رہنماوں نے کیمپ کا دورہ کیا اور خطابات کیے۔ کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان علامہ محمد اصغر عسکری، اسلام آباد ضلع کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی اور ضلع راولپنڈی کے عبوری سیکریٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی دن بھر موجود رہے۔ اس موقع پر اتحاد امت کا عظیم الشان مظاہرہ کیا گیا۔ کیمپ میں دن بھر نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے جس میں نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔جن میں معصوم بچے بھی شامل تھے،مقابلہ نعت خوانی میں کامیاب قرار پانے والے نعت خوانوں میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کیئے گئے، مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی اتحاد ہی پاکستان کا اصل چہرہ ہے، آج دشمن دیکھ لے کہ ہم ایک ہیں، شیعہ سنی میں کوئی تفریق نہیں چند مٹھی بھر تکفیری ملک کے امن کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ملٹری کورٹس کے قیام کا خیرمقدم کرتی ہے اور توقع کرتی ہے کہ قومی ایکشن پلان پر جلد عمل کیا جائیگا۔

وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصرعباس جعفری کی خصصی ہدایات پر علامہ علی اکبر کاظمی کی زیر نگرانی ایم ڈبلیوایم ضلع راولپنڈی کی عبوری کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے، علامہ علی اکبر آرگنائزر جب کہ فدا حسین ان کے معاون کے طور خدمات انجام دیں گے، تین ماہ میں تنظیم سازی، یونٹس کی تکمیل اور ضلع بھر میں رابطہ سازی کے بعد ضلعی شوریٰ تشکیل دی جائے گی اور بعد ازاں ضلعی شوریٰ اپنے ضلع کے نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لائی گی۔

وحدت نیوز(راولپنڈی)سانحہ راولپنڈی کے گرفتار ملت تشیع کے بےگناہ اسیران کو جلد از جلد رہا کیا جائے، آج کا مظاہرہ اسیران کی رہائی کی تحریک کا آغاز ہے اگر پنجاب حکومت نے یکطرفہ کارروائیاں نہ روکی اور اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو پھر ملک گیر تحریک چلائیں گے، پنجاب حکومت دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے، ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم ضلع راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید الحسن رضوی، ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر عباس، مولانا سلیم حیدر جعفری، ایس یو سی راولپنڈی کے صدر مولانا قاسم جعفری، مولانا اکبر کاظمی، مولانا ساجد شیرازی، راحت کاظمی و دیگر مقررین نے ایم ڈبلیو ایم اور دیگر ملی تنظیموں  کے زیراہتمام اسیران سانحہ راجہ بازار کی رہائی کیلئے نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی، دہشتگردوں کو کھلی چھٹی دے دی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف پاکستان سے محبت کرنے اور بنانے والوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھتے ہوئے انہیں بےگناہ اسیر کیا جا رہا ہے۔ ظہیر عباس نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت نااہل ہو چکی ہے، دہشتگردوں کی سرپرستی کرنا چھوڑ دے۔

 

مولانا سلیم حیدر جعفری نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، اسیران کو رہا نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے، ملک کو دہشتگردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے۔ مولانا قاسم جعفری نے کہا کہ پنجاب حکومت تنگ نظری سے کام نہ لے اور ہمارے جذبات سے نہ کھیلے، قانون کا احترام کرتے ہیں، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا تو ملک بھر میں نکلیں گے، مقررین نے مطالبہ کیا کہ اسیران کے ساتھ غیر انسانی و غیر اخلاقی سلوک روکا جائے۔ سانحہ عاشورہ کے پس پردہ سازش کو بےنقاب کیا جائے۔ شہید مظہر مبارک اور عزاداروں پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جائے اور آج تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا جائے۔ 2 ماہ سے مساجد اور امام بار ہوں کی بےحرمتی پر کیا ایکشن لیا گیا ہے بتایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آئندہ جمعہ کو پنجاب حکومت کیخلاف راولپنڈی میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک بلاجواز گرفتار بیگناہ افراد کی رہائی عمل میں نہیں آتی۔ریلی میں شیعہ علماکونسل کے کارکنان کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree