وحدت نیوز(کوئٹہ) چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر المصطفیٰ ﷺمسجد میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کےسیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ شہدائے کربلا نے اپنی لازوال قربانی کی بدولت اسلام کو حیات عطا کی اور یزیدیت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔ کربلا کا پیغام ہر دور کی پریشان انسانیت کے لئے نجات اور سربلندی و سر افرازی کا پیغام ہے۔ چہلم امام حسین عالیمقام ؑ کے موقعہ پر دو کروڑ سے زائد انسانوں کا سر زمین کربلا پر جمع ہونا تاریخ انسانی کا منفرد واقعہ ہے۔ جس نے یہ ثابت کردیا کہ ظلم کے ضابطے حق کی آواز کو دبانے میں ناکام رہے ہیں۔ بم دہماکے ، دہشت گردی یزیدی نسل کا شیوہ جبکہ حق وصداقت کے لئے میدان میں نکلنا حسینیوں کا شیوہ ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر ملک بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جائیں ۔ جبکہ ملت جعفریہ فروغ امن کے سلسلے میں ہر سطح پرپولیس، انتظامیہ اور حکومت سے تعاون کرے گی۔
دریں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی بحالی کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی مسائل کا اہم سبب فرسودہ انتخابی نظام ہے، جبکہ جمہوریت کی علمبردار سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری رویوں کا فقدان ہے۔ انہوں توقع ظاہر کی کہ مذاکرات کو نتیجہ خیز بناتے ہوئے بہترشفاف نظام متعارف کرایا جائے گااور انتخابی دھاندلی اور الیکشن فراڈ کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے گا۔