وحدت نیوز (گلگت) معصوم طالبعلموں کا قتل عام دہشت گردوں کی بزدلانہ کاروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اسلام کے نام پر اپنے من پسند شریعت کے نفاذ کی خاطر معصوم زندگیوں کو نشانہ بناکر پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کو بدنام کیا جارہا ہے۔ یہ تکفیری گروہ پورے ملک میں کاالعدم جماعتوں کے چھتری تلے گھناؤنے جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں اور حکومت اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے دہشت گردوں کے آگے بے بس دکھائی دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئرعباس مصطفوی نے ا پنے ایک بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک عزیز میں تکفیری گروہوں اور ان کی سرپرستی کرنے والی کالعدم جماعتوں کو نواز حکومت کی حمایت حاصل ہے ،حکومت اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ان کے خلاف بھرپور کاروائی سے گریزاں نظر آتی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک میں دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے واضح پالیسی اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر دہشت گردوں اور ان کے سرغنوں کے بھرپور کاروائی سے ہی پاکستان کو دنیا کے سامنے رسوا ہونے سے بچایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردوں کے سرغنوں پر ہاتھ نہیں ڈالا جائیگا تب تک دہشت گرد انہ کاروائیاں ہوتی رہینگی اور معصوم زندگیوں کا چراغ گل ہوتا جائیگا۔انہوں نے پاک فوج کے سربراہ سے اپیل کی کہ وہ آپریشن ضرب عضب کا دائرہ کار وسیع کرکے پورے ملک میں فوجی آپریشن کیا جائے۔