وحدت نیوز (مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے بعد الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر میں بھی رجسٹرڈ ہو گئی ہے ، اور آئندہ ریاستی انتخابات میں انتخابی نشان خیمہ پر ہی الیکشن لڑے گی ، اس بات کا اعلان مجلس وحدت مسلمین پاکستان آزاد جموں کشمیر کی ریاستی سیکریٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں کہ جب مجلس وحدت مسلمین پاکستان سمیت آزاد کشمیر میں بھی مظلوم اور محروم کشمیریوں کے حقوق کی پاسبانی کرے گی ، ہم شیعہ سنی ، بریلوی اور الحدیث مسلمان بھائیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں پاکستان اور بالخصوص ریاست جموں کشمیر کی عوام کی خدمت اور ترقی کے لیئے باہمی اتحاد اور وحدت کے دامن کو تھام کر ایم ڈبلیو ایم کے پلٹ فارم پر جمع ہوں ۔
ان کاکہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی باحیثیت سیاسی جماعت الیکشن کمیشن آف آزاد کشمیر میں رجسٹریشن خوش آئند قدم ہے ،ایم ڈبلیو ایم آئندہ ریاستی انتخابات میں بھر پور کردار ادا کرے گی ، اور تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کے قیام کی خواہش مند ہے ۔