وحدت نیوز(مظفرآباد)بانیان مجالس و مقامی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے، عزاداری اجتماع میں نماز جماعت کو یقینی بنایا جائے، تاکہ مقاصد قیام حسینیؑ کا حصول ممکن ہو سکے، انہوں نے کہا کہ عزاداران کی ہر ممکنہ خدمت کی جائے، عزادار قوم و ملت کا قیمتی سرمایہ ہیں ، عزادار ہماری آنکھوں کی ٹھنڈک ہیں، میرپور سے نیلم تک کے تمام سیکرٹری جنرل صاحبان ان کاموں کے اقدامات کو جلد از جلد ممکن بنائیں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے وحدت سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقدہ ریاستی کابینہ و تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرل صاحبان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ معرکہ کربلا حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت ہے، اور ان حقائق کو آشکار کرتا ہے کہ نواسہ رسول، جگر گوشہ بتولؑ ، نوجوانان جنت کے سردار حضرت امام حسین علیہ السلام نے باطل قوت کو ابدی شکست و ہلاکت سے دوچار کر دیا، اور دین محمدی صلی اللہ علیہ و آلہٖ وسلم کو باطل سوچ اور نظریات سے محفوظ کر دیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ دور پرفتن میں حسینی افکار و نظریات سے استفادہ کئے بغیر صہیونی سازشوں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، علامہ سید تصور حسین جوادی نے کہا کہ ماہ محرم کی اہمیت بہت زیادہ ہے، یہ مہینہ حق و باطل میں تمیز سکھاتا ہے، یہ دین اسلام کی بقاء کا مہینہ ہے، ہمیں اس مہینے میں فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا ہو گا، وحدت کو فروغ دینا ہو گا، نہ صرف کوشش بلکہ عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے، انہوں نے کہا کہ میرپور سے نیلم تک کے تمام سیکرٹری جنرل صاحبان اس حوالے سے اپنے اپنے علاقوں میں کردار ادا کریں، انتشار کو روکیں وحدت کو فروغ دیں ، پولیس و انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا ۔ اس اجلاس میں جعفریہ سپریم کونسل کی طرف سے بنائے گئے مرکزی عزاداری سیل کی حمایت کا اعلان بھی کیا گیا، استقبال محرم و محرم الحرام کے پروگرامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ مجلس وحدت مسلمین کی ریاستی قیادت جلوسوں و مجالس میں بھرپور شرکت کرے گی، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کی ریاستی کابینہ کے علاوہ ریاست بھر کے ضلعی سیکرٹری جنرل صاحبان شرکت کی۔