وحدت نیوز(لیہ)سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کیخلاف مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے لیہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ریلی ٹی ڈی اے چوک سے شروع ہوکر پریس کلب کے سامنے پہنچی، جہاں مقررین نے خطابات کئے، اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر سانحہ پشاور کیخلاف احتجاجی نعرے درج تھے۔ ریلی کی قیادت شیعہ علماء کونسل جنوبی پنجاب کے رہنماء سید نیئر عباس کاظمی اور مجلس وحدت مسلمین ضلع لیہ کے سیکرٹری جنرل مولانا ساجد اسدی نے کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ حکمران شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام نظر آتے ہیں، اس واقعے کے اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں، قاتلوں اور ان کے سرپرستوں و سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ملک بھر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی پریشان کن و نقصان دہ ہے، جس کا سدباب انتہائی ضروری ہے۔ ریلی میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماء سید انعام اللہ گیلانی بھی شریک ہوئے۔