وحدت نیوز(اسلام آباد) حضرت سکینہ بنت الحسین علیہ السلام کی شان میں گستاخی کرنے والے کرم ایجنسی کے رہائشی بدبخت سلطان گل کے خلاف شیعہ سنی محبان اہلبیت اطہار علیہم السلام کے سینکڑوں افراد نے اسلام آباد پریس کلب سے چائنہ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔شرکاء واقعہ کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے معلون کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کی شان میں گستاخی دین اسلام کی توہین ہے۔ اس واقعہ میں ملوث شخص عرب امارت میں ہے۔اسے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کیا جائے۔ جب تک اس شخص کو گرفتار کر عبرت ناک سزا نہیں سنائی جاتی اس وقت تک محبان اہلبیت ع کے اضطراب میں کمی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا شدت پسند تکفیری عناصر ارض پاک کے امن کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔اہلبیت ع کی توہین کرنے والے اسلام کے دشمن اور ریاست کے بدترین مجرم ہیں۔ ایسے عناصر جو ملک میں تفرقہ بازی کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں ان کے ساتھ معمولی سی رعایت ملک و قوم کے ساتھ دشمنی ہو گی۔ایسے گستاخان کو کیفر کردار تک پہچانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے مذکورہ شخص کے خلاف فوری کارروائی نہ کی پھر حالات کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا۔
مقررین میں علامہ ظہیر الحسن کربلائی، علامہ سبطین حسینی، علامہ مرتضی علوی، شبیر ساجدی اور ایم پی اے اقبال میاں کے علاوہ دیگر شخصیات بھی شامل تھے۔احتجاجی ریلی کے شرکاء نے چائنہ چوک سے واپس پریس کلب تک مارچ کیا اور پرامن انداز میں منتشر ہو گئے۔