وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء ملک اقرار حسین نے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین ہمارا قانونی اور آئنی حق ہے، اس میں کوئی روکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر علامہ سید اقتدار حسین نقوی صوبائی صدر جنوبی پنجاب، مخدوم سید حسن رضا مشہدی، حاجی خاور حسین بھٹہ، سید حسنین بخاری، علامہ قاضی نادر حسین علوی اور علامہ وسیم معصومی ضلعی صدر ملتان موجود تھے۔
ملک اقرار حسین نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں عزاداری امام حسین کے احیا کے لئے اپنا رول ادا کرتی رہے گی، ہم حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہے کہ محرم الحرام میں کوئی روکاوٹ نہ ڈالی جائے، جلوسوں کے اوقات کو موسم کے لحاظ سے تصور کیا جائے، جہاں پر نئی آبادیاں قائم ہوئی ہیں، وہاں پر مجالس عزا اور جلوس عزا برپا کرنے میں کوئی مشکلات نہ پیدا کی جائیں۔
علامہ اقتدار نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب پاکستان میں ہر قسم کی تقریبات کے لئے آزادی حاصل ہے تو پھر ذکر نواسہ رسول میں بھی مکمل آزادی دی جائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جن ذاکرین اور علمائے کرام پر ضلع بندی اور مجالس پڑھنے پر بین لگایا گیا ہے، وہ فوراً واپس لیا جائے، الحمدللہ شیعیان حیدر کرارؑ امن کے داعی ہیں اور پاکستان میں امن و امان کے لئے خون کا نذرانہ پیش کیا ہے، پاکستان میں امن و امان کے لیے ضروری ہے کہ تکفیری سوچ پہ پابندی لگائی جائے۔