وحدت نیوز(اسلام آباد) مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوان صدر اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نےحکومت سے تمام تر نظریاتی و فکری اختلافات کے باوجود وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اسرائیل کے ظالمانہ تسلط کے خلاف ان کی گفتگو جب قران و حدیث کی روشنی میں آگے بڑھنے لگی تو سرکاری ٹی وی ( پی ٹی وی ) نے اپنی نشریات کا رخ نواز شریف کی طرف موڑ دیا اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو لائیو دکھانا روک دیا جو ایک منافقانہ طرزِ عمل ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی میں حکومت نیک نیت اور شفاف ہے تو پھر اسرائیل کے خلاف بات سننے سے یہ صاحبان اقتدار اور ان کے زیر اثر ادارے کیوں کتراتے ہیں۔ سندھ میں اسرائیل کے خلاف ہونے والے احتجاج کے شرکاء کے خلاف پیپلز پارٹی کے جارحانہ اقدامات اور پی ٹی وی پر نشریات کی فوری تبدیلی سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت کی صفوں میں اسرائیل کے ہمدردوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔