وحدت نیوز(اصفہان)یوم شہادت امام علی علیہ السلام کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے جامعہ المصطفیٰ اصفہان کے نماز خانہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا میں ایک خصوصی افطاری کی تقریب اور مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا، جس کی سعادت برادر مسلم رضا کو نصیب ہوئی۔ تلاوتِ قرآن کے بعد مغرب و عشاء کی نماز با جماعت ادا کی گئی۔
نماز کے فوراً بعد مجلس عزاء کا آغاز ہوا، جس میں مولانا جناب حافظ کبریا صاحب نے خطاب کیا اور امام علی علیہ السلام کی شہادت کے مصائب کو بیان کیا۔ جس نے حاضرین کے دلوں کو غم و الم سے بھر دیا۔
مجلس کے بعد عزاداری کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں برادر غلام علی بلتستانی اور فرقان حیدر نے نوحہ خوانی کی۔
تقریب کے اختتام پر حاضرین کے لیے افطاری کا وسیع اہتمام کیا گیا، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی۔ اس تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان، جامعہ المصطفیٰ کے طلباء، کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور امام علی علیہ السلام کی شہادت پر اپنے غم کا اظہار کیا۔
یہ تقریب مجلس وحدت مسلمین شعبہ اصفہان کی جانب سے امام علی علیہ السلام کے سیرت و کردار کو یاد کرنے اور ان کی شہادت کے پیغامات کو تازہ کرنے کا ایک بہترین موقع تھا۔ اس پروگرام کے ذریعے امت مسلمہ کے درمیان وحدت اور اخوت کا پیغام بھی عام کیا گیا۔