وحدت نیوز (جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ماہ شعبان بہترین موقع ہے کہ ہم عبادت و بندگی اور یاد خدا کے ذریعے اپنے آپ کو اللہ تعالی کے تقرب کے لئے آمادہ کریں۔ مناجات شعبانیہ اور آئمہ معصومین ع سے مروی دعائیں اور مناجات علم و عرفان کا سمندر ہیں جو ہماری دلوں میں عشق خدا کی شمع روشن کرتی ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ماہ رمضان المبارک اللہ کا مہینہ ہے جس میں روزہ دار اللہ تعالی کا مہمان ہوتا ہے ہمیں ابھی سے دعا و مناجات اور بندگی کے ذریعے اپنے آپ کو اللہ کی مہمانی اور ضیافت کے لئے تیار کرنا چاہیئے۔
انہوں نےکہا کہ احساس کفالت پروگرام میں غریب پاسپورٹ ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔ ہرسال لاکھوں غریب اور مستحق افراد کربلا معلی اور مشہد مقدس زیارات کے لئے جاتے ہیں انہیں احساس کفالت پروگرام کے تحت امداد ملنی چاہئے۔
انہوں نےکہا کہ سندھ حکومت کا راشن پروگرام شفاف نہیں لوگ امداد کے منتظر ہیں غربت اور بھوک سے خودکشی کرنے والوں کی ایف آئی آر حکمرانوں پر کاٹی جائے۔ سپریم کورٹ راشن کی تقسیم میں کرپشن کا نوٹس لے اور لاک ڈاون کے نتیجے میں غربت و افلاس کے نتیجے میں ہونے والی خودکشی کا سدباب کرے اور غربت و بھوک کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کو فوری اقدامات کا پابند کرے۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل کو امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایات جاری کیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت پوری لگن اور جانفشانی کے ساتھ قوم کی خدمت کرنے کا ہے ۔اسے غیر ضروری سرگرمیوں میں ضائع کرنے کی بجائے نیک مقاصد کی تکمیل کے لیے استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہ نوجوان ہماری قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ ملک و قوم کو درپیش کسی بھی مشکل حالات میں ہمارے نوجوانوں کی صف اول میں موجودگی ہمارے لیے تقویت کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کی بجائے ایک قوم بن کر عالمی وبا کا مقابلہ کرنے کا ہے۔سیاست دانوں کو چاہیے کہ وہ حالات کی سنگینی کا سنجیدگی سے درک کریں اورکورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے ایک قوت بن کراپنے اپنے حصے کا کردار اداکریں۔نادار افراد کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ جو طبقہ اس وقت مالی مشکلات کا شکار ہے اس کے مسائل حل کرنے کے لیے مناسب اور فوری ریلیف کااعلان کیا جائے۔متوسط طبقے کے لیے یوٹیلٹی بلز کی معافی اور کرایہ داروں کو ان کی رہائش کا تحفظ اور کرایے کی ادائیگی میں سہولیات کی فراہمی کر کے حکومت انہیں بہت بڑی مشکل سے نجات دلا سکتی ہے ۔ایسے آڑے وقت میں اہل ثروت کو بھی میدان میں نکل کر مخلصانہ تگ ودو کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل موجودہ حالات کے لحاظ سے واجب ہے۔ہر مذہب و مسلک کے افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے مذہبی اجتماعات کا انداز حکومتی تدابیر کے مطابق اپنائیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ علماء کرام اور مفتیان عظام کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد میں معاونت کریں تاکہ عوام کو اس وباء سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انسانی جان کی حفاظت کے لئے فاصلہ اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔ پاکستان میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز پر تشویش ہے لہذا حکومت اور عوام مل کر کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکیں۔
انہوں نےکہا کہ عوام لاک ڈاؤن کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ وبا کے دوران اپنے فرائض دیانتداری سے ادا کرنے والے ڈاکٹرز پولیس فوج رینجرز اور رضاکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ لاک ڈاون کے دوران بعض مقامات پر پولیس کا شہریوں کے ساتھ غیر مہذب رویہ ناقابل قبول ہے پولیس اور رینجرز کو شہریوں کے احترام کا درس دیا جائے۔ پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آنے سے پولیس ڈپارٹمنٹ کے وقار اور نیک نامی میں اضافہ ہو گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی نے وزیر اعظم عمران خان کے فوکل پرسن شہریار آفریدی سے رابطہ کر کے انہیں ملک کے مختلف شہروں میں قائم قرنطینہ سینٹرزکے مسائل سے آگاہ کیا۔ زائرین کو درپیش مشکلات پر بھی فریقین کے درمیان تفصیلی بات چیت ہوئی اور ان کے حل کے لیے موثر حکمت عملی طے کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
شہریار آفریدی کو بتایا گیا کہ جھنگ کے جو زائرین اپنی قرنطینہ کی مدت پوری کرنے کے بعد اپنوںگھروںکو روانہ کیے گئے ہیں ان کی رہائش گاہوں کے باہر کورونا وائرس کے بورڈ آویزاں کرنا سمجھ سے بالاتر اور نامناسب عمل ہے۔ صحت یاب افراد کے گھروں کے باہر اس طرح کی غیر ضروری تحریریں لگانے کا سلسلہ روکا جائے گاتاکہ منافرت کی جو فضا پیدا ہورہی ہے اس پر قابو پایا جا سکے۔اس طرح کے اقدامات ملت تشیع کی دانستہ کردار کشی کے مترادف ہے۔
شہریار آفریدی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے جھنگ کی متعلقہ انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں اورزائرین کے گھروں کے باہر چپساں وہ نوٹس اتار لیے گئے۔ اسی طرح فیصل آباد اور شیخوپورہ کی اعلی انتظامیہ کو بھی زائرین کے مسائل حل کرنے کے لیے موقعہ پر ہدایات جاری کی گئیں ۔ مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنر کوبھی بچیوں سے رابطہ کرکے ان کی داد رسی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد)مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین الجوادی نے پولیس اہلکاران, سول ڈیفنس ودیگر ادارے جو اس لاک ڈاؤن میں مختلف مقامات (مُوری گوجرہ،بیلا نورشاہ،بانڈی سماں،چہلہ پل،سی ایم ایچ سٹاپ،نیلم پل،عزیز چوک،آزادی چوک،علمدار چوک اور زیرو پوائنٹ)پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں ان میں پانی کی کی بوتلیں تقسیم کیں۔
اس موقع پر علامہ جوادی نے پولیس آفیسران،اہلکاران اور سول ڈیفنس کے عملے سے گفتگو کرتے ہوۓ انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئےکہا کہ آپ موسم کی پروا کیے بغیرجس ہمت اور جوان مردی سے حالت کا ڈٹ کر مقابلہ اور لاک ڈاون کو یقینی بنا رہے ہیں یہ بات ثابت کرتی ہے کہ آپ لوگ ہی قوم کے ہیرہ ہیں پوری قوم خصوصاً مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر،المجلس ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل آزادکشمیر آپ کی انتھک ڈیوٹی کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
جس پر اہلکاروںنے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دادتحسین پیش کی اور علامہ جوادی اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل آغا سید طالب حسین ہمدانی,سیکرٹری تنظیم سازی صوبیدار(ر)سید فدا حسین نقوی,کوارڈینیٹر ایمپلائز ونگ سید ممتاز حسین نقوی کے علاوہ سیکرٹری روابط سید عامر نقوی موجود تھے۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ احساس کفالت پروگرام کی معاونت سے پاسپورٹ کی شرط لگا کر ہزاروں مستحقین کو نظر انداز کیا گیا ہے .کیونکہ سالانہ غریب اور نچلے طبقے سے تعلق رکھنے والے لاکھوں زائرین زمینی راستے سے مشہد مقدس اور کربلا معلی جاتے ہیں. فرزند رسول ص کی زیارت کے عشق میں امن و امان کی ابتر صورت حال اور مالی مشکلات کے باوجود لاکھوں زائرین زیارتی سفر اختیار کرتے ہیں. انہوں نے وزیر اعظم وفاقی حکومت اور احساس کفالت پروگرام کے منتظمین سے مطالبہ کیا کہ وہ مستحق پاسپورٹ رکھنے والے افراد کی مدد کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے سندہ حکومت کی جانب سے راشن کی غیر منصفانہ تقسیم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سندہ حکومت مستحقین تک راشن کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اسے اقرباء پروری اور با اثر افراد کی خورد برد سے بچائے۔انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں غربت افلاس اور لاک ڈاؤن کے باعث مجبور لوگوں کی خود کشی کے متعدد واقعات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب مستحق لوگوں کی بروقت امداد کو یقینی بنائیں. انہوں نےکہا کہ مزدور اور بے سہارا انسانوں کی خودکشی ارباب اقتدار کے کردار پر سوالیہ نشان ہے۔