وحدت نیوز(مشہد)دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس میں شھید منی حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر غلام محمد فخر الدین کے مجلس ترحیم کا انعقاد ہوا جس میں علمائے کرام اور طلاب عظام نے بھرپور شرکت فرمائی۔
مجلس ترحیم میں خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے امور خارجہ کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے خطاب فرمایا۔انہوں نے کہا ہم آج ایسی شخصیت کی مجلس ترحیم میں ہیں جسکی مثل اورمانند کم ہے اور اس جیسی شخصیات بہت کم پیدا ہوتی ہیں۔
سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ فخرالدین اپنے ذاتی فوائد کے لئے میدان میں نہیں آئے تھے بلکہ فقط رضائے خدا اورحفظ دین مبین اسلام کے لئے میدان میں آئے ۔
انہوں نے کہا مکہ اور خانہ کعبہ تمام حجاج کے لئے اور تمام مسلمانوں کے لئے مقدس جگہ ہے اسی لئے مسلمان خدا کے حکم کی بجا آوری کے لئے وہاں جاتے ہیں اور اس سال بھی گزشتہ سالوں کی طرح گئے لیکن ایک ایسے ظلم وزیادتی کا انہیں سامنا کرنا پڑا جسکی نذیر کہیں نہیں ملتی ۔خدا کے مہمانوں کے ساتھ وہ سلوک کیا گیا جس کی وجہ سے ہر مسلمان کا دل مجروح ہوا۔
علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے کہا اس واقعہ میں ہزاروں مہمانان خدا شھید ہوئے اور بڑی بڑی شخصیات ہوئیں جن میں ایک شخصیت علامہ ڈاکٹر غلام محمد فخرالدین کی ہے۔جنکی جدائی کا نہ مٹنے ولا صدمہ ہماری ملت کو برداشت کرنا پڑ رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فخرالدین واقعا فخر الدین تھے ۔ان میں خدا نے ایسی صلاحتیں عطافرمائی تھیں کہ بہت کم لوگوں میں ہوتی ہیں۔وہ عالم با عمل ،با تقوی ،مجاہد فی سبیل اللہ ،خطیب توانا،دشمن شناس غرض ایک ہمہ گیر شخصیت تھے اور یہ ہماری بدقسمتی تھی جو ایسی عظیم ہستی ہم سے چھن گئی۔