وحدت نیوز(ایران) مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کے مرکزی سیکریٹری علامہ ڈاکٹر شفقت حسین شیرازی کی سربراہی میں ایم ڈبلیوایم کی جانب سے ایران کے سیلاب متاثرہ عوام کی امداد کے دوسرے مرحلے کاآغاز،اس سلسلے میں پر صوبہ خوزستان کے 100 متاثرہ گھروں میںتقریباً 3 لاکھ روپے مالیت کے راشن بیگز کی تقسیم،امدادی سامان بذریعہ وین اور کشی متاثرہ علاقوں تک پہنچایاگیا، سیلاب سے متاثرہ ایرانی مسلمان بھائی بہنوں کی جانب سے مصیبت کی اس گھڑی میں بھرپور امدادپر مجلس وحدت مسلمین اور پاکستانی عوام سے اظہار تشکر اور نیک خواہشات کا اظہارایم ڈبلیوایم کی جانب سے امداد رسانی کا سلسلہ تاحال جاری ہے کل دیگر علاقوں میں امداد فراہم کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ امور خارجہ کے سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے صوبہ خوزستان کے شہر سوسنگرد اور حمیدیہ کے مضافاتی علاقوں میں راشن بیگزتقسیم کرکے امدادی سامان کی تقسیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا. امدادی سامان کی تقسیم کے اس عمل کا آغاز پاکستان ایران دوستی زندہ باد کے نعرے سے ہوا جس میں ابتدائی طور پر تقریباً 3 لاکھ روپےکی مالیت کے راشن بنڈلز کی ایک بڑی تعداد سوسنگرد کے علاقے بیت الشخیتر اور حمیدیہ کے علاقے صندیہ میں تقسیم کی گئی۔
اس موقع پر موجود لوگوں نے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مسوولین اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان ایران تعلقات کی مزید مضبوطی اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کی عوام کی ترقی کی دعا کی. امدادی سامان کی تقسیم کے دوسرے مرحلے میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے کل بروز ہفتہ صوبہ لرستان کے شہر معمولان کے تین مختلف سیلاب متاثرہ علاقوں میں کثیر مالیت کا گھریلو سامان تقسیم کیا جائے گا. یاد رہے مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کے مسؤولین کی ایک ٹیم گذشتہ چند دن سے دوسری بار ایران کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں موجود اور متاثرین کی ضروریات و نقصانات کا نزدیک سے جائزہ لے کر امدادی سامان کی تقسیم کا عمل انجام دے رہی ہے۔