وحدت نیوز(اسلام آباد) سرزمین پاکستان پر انبیاء ، اولیاء، آئمہ ، شہداء اور صدیقین کی آرزوں ، امنگوں اور ارمانوں کی تکمیل میں امامیہ طلباء کی زحمتیں تا قیامت یاد رکھی جائیں گی ، پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے حقیقی محافظ یہی امامیہ طلباء ہیں ، پاکستان میں انقلاب اسلامی کی ترویج و اشاعت میں آئی ایس او کا کردار منفرد ہے ، امامیہ طلباء کو اس عظیم شجرہ طیبہ کی تاسیس کے 42سال مکمل ہو نے پر ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہوں ، ان خیالات کا اظہار سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے 42ویں یوم تاسیس پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے تہنتی پیغام میں کیا۔
ان کا کہنا شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ نے اس پاک سرزمین جس شجر طیبہ کا بیج اپنے دست مبارک سے کاشت کیا اور جس شجر کی آبیاری شہید نے اپنے مقدس لہو سے کی آج وہ شجر سایہ دار فرقہ پرستی ، انتہاپسندی، بے راہ روی ، معاشرتی انحطاط کے مقابلے میں جائے پناہ ہے، آئی ایس او وہ ماں ہے جس نے سرزمین پاک پرمدافعان ولایت کو جنم دیا،انہوں نے مذید کہا کہ آئی ایس او پاکستان سے وابسطہ طلباء آج پاکستان اور پاکستان سے باہر دین ، ملک اور ملت کی خدمت میں شب و روز کوشاں ہیں ، جو کہ شہید ڈاکٹر کےلئے ایصال ثواب کا زریعہ ہیں۔