وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکرٹری امور خارجہ ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے علامہ امین شہیدی کےخلاف حکومت کی طرف سے جاری کیے جانے والے وارنٹ گرفتاری کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تکفیری گروہوں کو خوش کرنے کے لئے امن کے داعی اور ملک سے وفا کرنے والے علماء کی گرفتاریاں کر رہی ہے۔ کیا نیشنل ایکشن پلان صرف وطن عزیز سے محبت کرنے والے اور عوام دوست لیڈران کے خلاف کاروائی کے لئے بنایا گیا ہے۔ کیا ملک کے اندر سرعام دوسرے مذاہب کی تکفیر کرنے والے اور اعتراف جرم کرنے والے دہشتگرد آزاد نہیں پھر رہے ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے ہمیشہ سے پاکستان کے اندر اتحاد و وحدت کی بات کی ہے اور تمام مکاتب فکر کے ساتھ باہمی ہم آہنگی رکھتے ہیں ۔
اتحاد بین المسلمین کے لئے ان کی کاوشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ پر عوام الناس کے سامنے آئے روز وہ وطن دوست پالیسیوں کا اظہار کرتے رہتے ہیں ۔ لہذا ان کے خلاف کاروائی کرنا دراصل حکومت کا ایک خاص گروہ کو خوش کرنے کا منصوبہ ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی انویسٹیگیشن کا رخ اصل ملزمان کی طرف کریں اور بیلنس پالیسی سے باز آجائیں ۔