وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اصغرعسکری نے کرم ایجنسی کے علاقے علی زئی میں فٹ بال میچ کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں دو افراد کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور افواج پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے ۔اس طرح کی بزدلانہ کاروائیاں ان کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں۔اب پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں رہی۔ دہشت گرد عناصر پاکستان کے امن و سکون کے ازلی دشمن ہیں ۔ وہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کے خلاف بہت سارے محاذوں پر سرگرم ہیں۔مختلف لبادوں میں چھپے ہوئے ان ملک دشمن عناصر کی شناخت کرتے ہوئے ہمیں اپنی بصیرت، دانشمندی اور اخوت سے ان کو شکست دینا ہو گی۔انہوں نے دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے میں شہریوں اور لیویز کے نوجوانوں کے حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد کی بہادری نے ہمیں ایک بڑے ممکنہ سانحہ سے بچا لیا۔ علامہ اصغر عسکری نے ایم ڈبلیوایم کی طرف سے شہد اکے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرحومین کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعاگو ہیں۔