وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ علامہ محمد امین شہیدی تنظیمی دورہ پر اسکردو پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ محمد امین شہیدی خصوصی دورہ پر بلتستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ تنظیمی دورہ جات کے علاوہ بزرگ علمائے کرام، عمائدین علاقہ، مختلف مکاتب فکر کے علماء و زعماء اور سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ اسکردو ائیر پورٹ پر سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم بلتستان علامہ آغا علی رضوی، صوبائی رہنماء آغا مظاہر حسین موسوی، علامہ شیخ علی احمد نوری، شیخ زاہد حسین زاہدی کے علاوہ ڈویژنل اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ علامہ امین شہیدی کا پانچ روزہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، اس دوران گلگت بلتستان کی اہم شخصیات نے ایم ڈبلیو ایم میں اپنی شمولیت کا اعلان کرنا ہے۔ دیگر مصروفیات کے علاوہ اہم تنظیمی اجلاس سے خطاب کریں گے اور سیاسی صورتحال جائزہ لیکر مجلس وحدت مسلمین کی آنیوالے الیکشن میں بھرپور شرکت اور کامیابی کیلئے جدید خطوط پر مبنی حکمت عملی بھی طے کی جائیگی۔ بلتستان میں قیام کے دوران وہ تمام حلقوں کے دوروں کے علاوہ مختلف طبقات کے وفود، عمائدین اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرینگے۔