وحدت نیوز (اسلام آباد) اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی، فرزند امام خمینی، معروف مذہبی رہنماء اور شہید قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید عارف حسین الحسینی کی 25 ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ایم ڈبلیو ایم کے تحت ملک کے مختلف اضلاع و یونٹس میں تعزیتی اور دعائیہ تقریبات کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم کے تحت علامہ سید عارف حسین الحسینی کی برسی کی مناسبت سے مرکزی ملک گیر اجتماع 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ جس میں پاکستان و بیرون ملک سے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے عقیدت مندان لاکھوں کی تعداد میں شرکت کرینگے۔ اس حوالے سے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ علامہ اعجاز حسین بہشتی کی سربراہی میں کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئیں، جو برسی کے امور کو دیکھیں گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل یہ پروگرام 25 اگست کو منعقد کیا جانا تھا تاہم مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس پروگرام کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ پروگرام مقررہ تاریخ پر پوری شان و شوکت کے ساتھ منعقد ہوگا۔