وحدت نیوز (لاہور) حکومت کی جانب سے بینک ٹرانزیکشن اورود ہولڈنگ ٹیکس تاجردشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے مسلم لیگ ن کی ،حکومت کا بس نہیں چلتا کہ آج ہی غریب عوام کے منہ سے دو وقت کا نوالہ چھین لے، اپنی شاہ خرچیاں بند کرے اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنائے تاکہ آئے دن عوام پر نئے ٹیکس عائد کرنے کے نوبت پیش نہ آئے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے پولیٹکل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں کہیں پر بھی بینک ٹرانزیکشن پراتنے زیادہ ٹیکس کی مثال نہیں ملتی، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کا اقتصادی قتل کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام فیصلے اسحاق ڈالر آئی ایم ایف کے اشارے پر کر رہے ہیں ، حکومت واضح کرے کہ بینک ٹرانزایکشن پر اتنے زیادہ ٹیکس کس مد میں لگایا جارہا ہے ضروری نہیں کہ بینک سے پیسے نکلوانے سے کسی شخص کی آمدنی کا اندازہ لگایا جاسکے، حکومت نے اپنی پالیساں تبدیل نہ کیں تو وہ اپنے انجام کی ذمہ دار خود ہو گی۔
انہوں نے کہاکہ اس نئے ٹیکس کی وجہ سے لوگ بینکوں پر انحصار کم کریں گے جس کے باعث سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگی سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف تاجروں کی ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں بلکہ ایم ڈبلیو ایم کے کا رکن کواس میں شرکت کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں حکومت کی عوام دشمن پالیسوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف باہر نکلیں ورنہ صرف پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں رہے گی مسلم لیگ ن کی حکومت اپنے دور میں ملکی نظام میں اتنا بگاڑ پیدا کردے گی جس کو درست کرنا آئندہ آنے والی حکومتوں کے بس سے بھی باہر ہوگا۔