وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے حکمرانوں کیخلاف عوامی جدوجہد کیلئے فیصلہ کن عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان سمیت چاروں صوبوں میں کمیٹیوں کا قیام مرکزی مانیٹرنگ سیل سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی کی نگرانی میں اسلام آباد میں قائم کر دیا گیا ہے جبکہ صوبائی کمیٹیوں کی نگرانی صوبائی سیکرٹری جنرلز اور پولیٹیکل سیکرٹریز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی رابطہ مہم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کے ورکرز گھر گھر رابطہ مہم کا آغاز کریں گے جس کے ذریعے مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور بدامنی سے ستائے عوام کو ان غیر آئینی اور دھاندلی کے ذریعے اقتدار پر قابض حکمرانوں کیخلاف جدو جہد کے لئے پیغام پہنچائیں گے۔ سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، حکمرانوں کی بوکھلاہٹ کا اندازہ ان کے وزراء کے بیانات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
سید ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایک صوبہ یا کچھ اضلاع سے نہیں بلکہ پاکستان بھر سے نکلیں گے، سیاچن کی گلیشئر سے لے کر کراچی اور گوادر کی ساحل تک ہمارے کارکنان سڑکوں پر ہونگے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ افواج پاکستان عوام اور ملک کے محافظ ہیں، حکمران اپنے ناجائز اقتدار کی تحفظ کیلئے فوج کو استعمال کرنے میں کامیاب نہیں ہونگے، پرامن عوامی احتجاج کے راستے میں رکاوٹ ڈالی گئی تو ملک بھر کے شاہراہوں اور چوراہوں پر دھرنے دینگے۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، سیکرٹری جنرل سندھ علامہ مختار امامی، سیکرٹری جنرل خیبر پختونخواہ علامہ سبطین کاظمی، سیکرٹری جنرل بلوچستان علامہ مقصود ڈومکی، سیکرٹری جنرل آزاد جموں کشمیر علامہ تصور جوادی، سیکرٹری جنرل گلگت بلتستان علامہ نیئر مصطفوی نے شرکت کی۔