وحدت نیوز (اسکردو) جیسے جیسے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات نذدیک آرہے ہیں خطے کی موثرسیاسی اور سماجی شخصیات کی تیزی کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روزڈویژنل سیکریٹریٹ وحدت ہاؤس اسکردومیں ایک پروقار تقریب جس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید ناصرشیرازی ، مرکزی معاون سکریٹری امورسیاسیات علامہ مقصودڈومکی اور ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ سید علی رضوی مہمان خصوصی تھے، روندو کی معروف سیاسی شخصیت راجہ ناصرعلی خان مقپون نے علمائے کرام اور برادری کے سینکڑوں افراد کے ہمراہ ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا باقائدہ اعلان کیا، جبکہ یاسین شاہ کی قیادت میں یوتھ آف روندوکے سینکڑوں کارکنان نے بھی ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا باظابطہ اعلان کیا، یوتھ آف روندوکے جوان ایک بڑی موٹر سائیکل ریلی کی صورت میں ایم ڈبلیوایم کے دفتر پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، دوسری جانب تریکو کے عمائدین کی بھی بڑی تعداد ایم ڈبلیوایم میں شامل ہوگئی ہے،جن میں حوالدارعبدالرحیم، قلب علی، حاجی رستم، جوہر،ذوالفقار، نوازش ، حوالداررسول اور محمد کاظم شامل ہیں ، ایم ڈبلیوایم کے قائدین نے نو وارد اراکین کو پھولوں کے ہار پہناکر ایم ڈبلیوایم میں خوش آمدید کہا.
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم میں شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین کی تمام مظلوم عوام بالخصوص گلگت بلتستان کے عوام کے لئے خدمات اور ہر میدان میں اٹھنے والی آوازکسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، ہم ایم ڈبلیوایم کی خدمات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے پاس خطے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک مضبوط وژن موجود ہے،جس کے تحت خطے کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے،عمائدین نے کہا کہ روندوکے بااثرراجہ خاندان کی ایم ڈبلیوایم میں شمولیت علاقے کیلئے نیک شگون ہے،ہم روندومیں ایم ڈبلیوایم کی کامیابی کے لئے بھر پورکردارادا کریں گے،انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں مزید اہم سیاسی ، سماجی اور مذہبی شخصیات ایم ڈبلیوایم میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔