وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ہری پورمیں ایم ڈبلیوایم کے سرگرم رہنما نیئرحسین جعفری پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے دشمن کی بذدلانہ کاروائی قرار دیا ہے ،وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی نیئرجعفری کے اہل خانہ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا ان کی جلد صحتیابی سمیت کی دعا کے ساتھ ایم ڈبلیوایم کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی ، مرکزی میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ حکومت اہل تشیع شہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے، گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے میں یہ دوسری بڑی دہشت گرد کاروائی ہے، گذشتہ روز ڈی آئی خان میں اہل تشیع دکاندار ندیم کو سمیت تین پولیس اہلکاروں کو سفاک دہشت گردوں نے بربریت کا نشانہ بنایا اور آج ہری پورمیں نیئرحسین جعفری پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، صوبائی حکومت دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کے بجائے ان کے مراکز کو سرکاری فنڈزفراہم کرنے میں مصروف ہے ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہم سے انصاف کی فراہمی کے جو وعدے کیئے وہ اب تک پورے نہیں ہوئے ۔