وحدت نیوز (اسلام آباد) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان نے بھی علامہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال اور مطالبات کی مکمل حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق فضل عباس کی قیادت میں اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے اعلٰی سطح کے وفد نے اسلام آباد پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور انہیں اپنی جماعت کی جانب سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ اصغریہ آرگنائزیشن کے فضل عباس کا کہنا تھا کہ وہ علامہ ناصر عباس کی ہمت کو داد دیتے ہیں اور ان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، حکومت کے سامنے رکھے گئے مطالبات کسی ایک جماعت کے نہیں بلکہ یہ پوری شیعہ قوم کے مطالبات ہیں، ہم کہتے ہیں کہ حکومت فی الفور ان مطالبات پر کان دھرے اور ان پر عمل درآمد شروع کرے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ عبدالخالق اسدی اور علامہ اقبال بہشتی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے وفد کی بھوک ہڑتالی کمیپ میں آمد کا خیرمقدم کیا اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ وہ آخری سانس تک شیعہ حقوق کا دفاع کریں گے، فقط ہمارے مطالبات مان لینا کافی نہیں ہوگا، جب تک مطالبات پر عمل درآمد شروع نہیں ہوتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔