وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم ولادت امام حسن علیہ السلام کے موقعہ پر راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کے اعزاز میں افطار ی دی۔جس میں نامور مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر نے کہا کہ پاکستان کے حکمران آئین پاکستان کی رو سے اقتدار کے لیے نا اہل ہیں۔آئین میں واضح طور پر تحریر ہے کہ پارلیمنٹ کے نمائندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ نیک ،دیندار، باکردار اور دیانتدارہوں۔کرپٹ اور بے ایمان لوگ کی حکمرانی دراصل آئین پاکستان کے بنیادی نکات سے انحراف ہے۔اس وقت جو ظالم طبقہ تخت نشین ہے وہ دھاندلی ،بد کردار لوگوں کی معاونت اور چور دروازے کے ذریعے اقتدار پر قابض ہوا ہے۔دنیا کے ہر ملک میں بحرانوں سے نکلنے اور اقتدار کو اہل افراد کو منتقل کر نے کے لیے شفاف انتخابات کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے۔ لیکن ہمارے ہاں الیکشن مزید بحرانوں کا سبب بنتے ہیں۔جب تک ظالموں کی طرفداری کو عملی طور پر مسترد نہیں کیا جاتا تب تک ہم ایسے ہی بدکردار گروہوں کی گرفت میں پھنسے رہیں گے۔ہمیں مل کر تہیہ کر نا ہو گا کہ حسینی کردار ادا کرتے ہوئے ظالم کی کبھی حمایت نہیں کرنی۔ یہ ملک ہمارا مادر وطن ہے اس کی حفاظت ہم پر واجب ہے۔ ہم نے ظالموں کے چنگل سے اسے آزاد کرنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے۔