وحدت نیوز(کوئٹہ) سانحہ مستونگ میں شہید ہو نے والے مظلوموں کے اہل خانہ کی جانب سے علمدار روڈ پر دیئے گئے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہو ئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری تبلیغات علامہ شیخ اعجاز حسین بہشتی نے کہا کہ کوئٹہ کی خون جما دینے والی سردی میں خانوادہ شہداء نے استقامت کا مظاہرہ کر کے پوری قوم کے خون کو حرارت بخشی ہے، حکمران پاکستان کے بقاء چاہتے ہیں تومذاکرات کا ڈرامہ بند کریں ، ملک بھر میں منظم آپریشن کر کے دہشت گردوں کا صفایہ کیا جائے ، شہداء کا خون ہم سے تقاضہ کر تا ہے کہ اس کے پیغام کو مٹنے نہ دیا جائے ، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری شہداء کے خون کی آواز بنے، ان کا کہنا تھا کہ زائرین کا زیارت پر جانا ان کا شہری حق ہےاور زائرین کو سکیورٹی فراہم کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے، پاکستان کا وجود خطرے میں پڑا ہے، حکمران اپنی کمزوریوں کو مذاکرات کا لبادہ پہنا کر عوام کو دھوکہ دینے میں مصروف ہیں ، ہم سلام پیش کر تے ہیں ، خانوادہ شہداء ، مومنین کوئٹہ،مومنین پاکستان، مومنین عالم ، با ضمیر انسانوں اور خصوصاً علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو کہ جنہوں نے ۲۷ بے گناہ زائرین امام حسین ع کے خون کو مستونگ کے بیابان میں دفن ہو نے سے بچا لیا اور اس خون ناحق کا احساس پو ری دنیا کو محسوس کر وایا ۔