وحدت نیوز(چنیوٹ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان, پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل، مسلم لیگ قاف کے رہنماوں نے چنیوٹ میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہ اکتوبر کو فیصل آباد کا جلسہ ثابت کریگا کہ عوام کس کے ساتھ ہیں، حکومت ناکام ہو چکی اور بادشاہوں کیخلاف عوامی نفرت اس قدر بڑھ چکی ہے کہ اب کوئی وزیر عوامی اجتماعات میں شرکت تک نہیں کرتا۔ رہنماوں نے کہا کہ حکومت ہر میدان میں ناکام ہوچکی ہے، پہلے حکمرانوں نے سیلاب میں نااہلی دکھائی اور اب بھارتی دھمکیوں پر وزیر اعظم خاموش ہیں، موجودہ حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں، گو نواز گو کا نعرہ اب پاکستانی عوام کا ہر دل عزیز نعرہ بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر عباس شیرازی، حامد رضا اور دیگر رہنماوں نے چنیوٹ میں عوامی رابطہ مہم کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ جلسہ کے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے، اس موقع پر حامد رضا کا کہنا تھا کہ دھوبی گھاٹ میں عوام کا سمندر ہوگا اور گراونڈ کو لوگوں سے بھر دیں گے۔ اس اجتماع میں شیعہ سنی سب موجود ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارہ اکتوبر ثابت کریگا کہ فیصل آباد میں عوام کی اکثریت انقلاب کے ساتھ ہے۔ رہنماوں نے کہا کہ یہ اجتماع فقط فیصل آباد اور چنیوٹ کے لوگوں پر مشتمل ہوگا۔ آئندہ کا لائحہ عمل اتوار کے روز جلسہ عام میں کرینگے۔ حکمرانوں کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ استعفیٰ دیکر ملک کی جان چھوڑ دیں۔ رہنماوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی فیصل آباد اور چنیوٹ میں داخلے پر پابندی کی بھی مذمت کی اور اسے حکومت کی بھکلاہٹ قرار دیا۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ علامہ ناصر عباس جعفری کو دنیا کی کوئی طاقت اتوار کے روز جلسے میں شرکت سے نہیں روک سکتی۔