وحدت نیوز(اسلام آباد)بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے پر بصیرت افکارکو مشعل راہ بنانے سے ہماری ساری مشکلات کا خاتمہ ممکن ہیں۔خارجی اثرات سے آزاد ایسی ریاست قائد اعظم کا خواب تھا جہاں ہر شخص کو اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادنہ زندگی گزارنے کے مواقع میسر ہوں۔جہاں اقلیتوں کو تحفظ ملے ۔ دہشت گردوں سے چھٹکارا دلا کر اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے قائد اعظم کی 67 ویں برسی کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم ایک مخلص اور قوم کا حقیقی درد رکھنے والے رہنما تھے۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی علحیدہ ریاست کے لیے ایک طویل جنگ لڑی اور اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کیا۔ ہمارا یہ وطن قائد کی عظیم جدوجہد اور لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا۔ہمیں اس کی حفاظت کرنے کے لیے اسی درد اور اخلاص کے ساتھ تگ و دو کرنے کی ضرورت ہے۔قائد اعظم کے بتائے ہوئے رہنما اصولوں پر کاربند رہنے سے ہم معاشرے میں باوقار مقام حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر تجدید عہد کرنا ہو گا کہ ہمارا اس مٹی سے عشق مرتے دم تک قائم رہے گا ۔علامہ ناصر کی ہدایت پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی صوبائی و علاقائی دفاتر میں قائد اعظم کی برسی کے موقع پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی گئی ۔