وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کویت میں مسجد امام صادق ؑ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کو اس دہشت گردی کا ذمہ دارقرار دیا ہے۔انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودیہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اُن جہادی گروہوں کی بھرپورمالی معاونت کررہا ہے جو شیعہ نسل کشی میں مصروف ہیں اور مساجد کو نشانہ بنانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔اسی نوعیت کے دو خودکش حملے گزشتہ ماہ سعودیہ میں بھی جمعہ کی نمازوں کے دوران کیے گئے جس میں بڑی تعداد میں قیمتی جانوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ کویت کی مسجد امام صادق ؑ میں ہونے والی حالیہ بربریت اس حقیقت کو واضح کر رہی ہیں کہ دہشت گرد وں نے اپنی مذموم کاروائیوں کو کامیاب بنانے کے لیے اب اپنا رُخ پُرامن خلیجی ریاستوں کی طرف موڑ لیا ہے ۔دنیا بھر کے مسلم ممالک میں بدامنی پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کے لیے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بصورت دیگر دہشت گردی کی آڑ میں امت مسلمہ کے ان ممالک کو تباہ حال کرنے کے منصوبے پرکام شروع ہو چکا ہے جنہیں معدنی وسائل اور تیل کی دولت سے مالا مال ہونے کا سبب اقتصادی و معاشرتی طور پر اقوام عالم میں ایک مقام حاصل ہے۔ سعودی کی اسلام دشمنی کے خلاف متحد ہونے کا اب وقت آ گیا ہے۔اس وقت تک امت مسلمہ کے بیس لاکھ سے زائد افراد دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔جو عالم اسلام کا ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔