وحدت نیوز (اسلام آباد) آزادی اظہار کی آڑ میں دوسروں کے مقدسات کی اہانت اور انکی آزادی سلب کرنا آزادی اظہار نہیں بلکہ بغض و حسد اور دشمنی کا اظہار ہے۔ فرانس کے اک جریدے میں گستاخانہ خاکہ جات چھپنے کے حوالے سے مذمت کرتے ہوئے سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ڈاکٹرعلامہ شفقت شیرازی کا کہنا تھا کہ یہودی لابی بعثت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے بھی ان کی دشمنی اور قتل کے درپے تھی جس سے بصری شام کے راہب بحیرہ (عیسائی پادری) نے حضرت ابوطالب کو آگاہ کیا تھا اور اس خطرے کے پیش نظر مشورہ دیا تھا کہ جس طرح میں نے علامات دیکھ کر نبی خاتم (ص) کو پہچان لیا ہے اگر یہودیوں نے پہچان لیا تو وہ انہیں اذیت پہنچائیں گے۔ جس طرح سے یہودی لابی ہمارے پیارے نبی اکرم (ص) کی زندگی میں مسلسل سازشیں کرتے رہے ہیں آج بھی زمانے کے ابوجہل و ابولہب اور ابوسفیان مل کر پیغمبر اکرم (ص) اور انکے دین اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ مسلمانان عالم کو اپنے دشمن پہچان لینا چاہیئے اور ان کی سازشوں کو ناکام کرنا چاہیئے اور متفق و متحد ہو کر ایسے اقدامات کرنے چاہیئیں کہ کسی کو دین اسلام اور محبوب خدا حضرت محمد مصطفی (ص) کی جسارت کی جرات نہ ہو۔ اس ترقی یافتہ دور کے ابوجہلوں کے اس بھیانک فعل کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور ان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دنیا کے امن کو خطرے میں ڈالنے والے ان ابلیسوں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔