وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری گذشتہ رات راولپنڈی کے علاقے صادق آباد چوک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سےشہید ہونے والے فیاض حسین شاہ ایڈووکیٹ اور ان کے دو بھانجوں غازی علی شیرازی اور حمزہ صفدر کے قتل کی خبر ملتے ہی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہداء کے جسد خاکی کی زیارت کی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ احمد اقبال اور ایم ڈبلیوایم راولپنڈی کے سیکریٹری جنرل علامہ علی اکبر کاظمی دیگر کارکنان سمیت ایس ایس پی راولپنڈی کرامت اللہ بھی موجود تھے، علامہ ناصرعباس جعفری نے موقع پر موجود پولیس حکام سے شہداء کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سانحہ چٹیاں ہٹیاں کے شہداء کی قبر کی مٹی خشک بھی نہ ہونے پائی تھی کے شیعیان راولپنڈی پر ایک اور قیامت ٹوٹ پڑی ہے،فوجی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ حکومت ، فوج اور سیاسی جماعتوں کے تشکیل کردہ قومی ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے،انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں مسلسل جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے جو کہ اب تک کہیں نظر نہیں آرہے،شیعہ کلاء، تاجر، متولیاں اس وقت سفاک دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے کوئی موثر کاروائی انجام نہ دی تو اہلیان راولپنڈی سمیت پورا ملک ان تکفیری دہشت گردوں اور نا اہل پولیس حکام کے خلاف سراپا احتجاج ہو گا۔