وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے پارا چنار کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقہ کے عمائدین اور علمائے کرام ملی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں، تشیع کے بنیادی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، تاہم اتحاو و وحدت کے ذریعے حقوق کا تحفظ ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارا چنار کی صورتحال کے حوالے سے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پارا چنار میں اپنی مرضی کی قومی انجمن چاہتی ہے، جو وہاں کے پولیٹیکل ایجنٹ کے ذریعے شیعی مفادات کیخلاف اور حکومتی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کرے، تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ پارا چنار کے تمام عمائدین، مشران اور علمائے کرام قومی مفادات کی حفاظت پر متفق ہوں، اور کسی بھی بیرونی قوت کو ملت تشیع کے حقوق پر شب خون مارنے کا موقع نہ دیں، ان کا کہنا تھا کہ پارا چنار ایک حساس علاقہ ہے، اور دشمن کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ یہاں ملت تشیع کے مابین اختلافات کو فروغ دے، اور اسی قسم کی سازش ایک مرتبہ پھر کی جا رہی، تاہم عمائدین کو ان سازشوں کو اتحاد و وحدت کے ذریعے ہی ناکام بنانا ہوگا۔