کراچی میں فی الفور وزیرستان طرز کا فوجی آپریشن شروع کیا جائے، علی اکبر کمیلی کی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے علامہ امین شہیدی کی گفتگو

08 September 2014

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں فی الفور وزیرستان طرز کا فوجی آپریشن شروع کیا جائے، علامہ علی اکبر کمیلی کی شہادت نے سندھ حکومت کے قیام امن کے دعوں کی قلعی کھول دی، سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر قائد میں دہشت گردی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، مدارس کے نام پر قائم دہشتگردی کے مراکز شہریوں کے لئے ناسور بن چکے ہیں جبکہ کراچی کا ضلع وسطی مذہبی و سیاسی طالبان کا مضبوط گڑھ بن چکا ہے، ریاست عوام کو حقوق و تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ہے، تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی سمیت ملک بھر میں جاری دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار علامہ امین شہیدی نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی کے فرزند معروف ذاکر اہل بیت (ع) علامہ علی اکبر کمیلی کی نماز جنازہ کے بعد نمائش چورنگی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

اس موقع پر علامہ امین شہیدی نے مطالبہ کیا کہ حکومت کے پاس ابھی بھی وقت ہے، وہ ہوش کے ناخن لے اور عوام کو تحفظ فراہم کرے ورنہ دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ پر قابوپانے میں ناکام سندھ حکومت نام نہاد ٹارگٹڈ آپریشن کے خاتمے کا اعلان کرکے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے مستعفی ہوجائے اور کراچی کو پاک فوج کے حوالے کرے جس کے بعد کراچی میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فی الفور وزیرستان طرز کا فوجی آپریشن کیا جائے۔ مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلوم ہے کہ قاتل کون ہیں اور انکی پناہ گاہیں کہاں ہیں اس کے باوجود دہشتگردوں کیخلاف کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری جانب شہر بھر کالعدم دہشتگرد جماعتیں نام بدل کر کھلے عام دہشتگرادنہ کارروائیوں میں مصروف ہیں شہر بھر میں کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی فرقہ وارانہ و مذہبی منافرت پر مبنی وال چاکنگ کے ساتھ ساتھ بینرز اور جھنڈے آویزاں ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور تمام محب وطن سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتی ہے وہ کراچی سمیت ملک بھر میں بڑھتی ہوئی ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کیخلاف اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے میدان عمل میں وارد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں جاری دہشت گرد کارروائیاں عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کی مذموم سازش ہے، شہر میں روزانہ کی بنیاد پر درجن بھر شہریوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

 

علامہ امین شہیدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہر میں قیام امن کے جھوٹے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت شہر قائد میں اہل تشیع تاجروں اور کاروباری شخصیات کو چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے، علامہ علی اکبر کمیلی کا قتل بھی اسی منظم سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ علی اکبر کمیلی پر حملہ حکومت کی نااہلی اور دہشتگردوں کو فری ہینڈ دینے کا نتیجہ ہے، کراچی جیسے میٹروپولیٹن شہر میں جسکی غیر معمولی معاشی اہمیت ہو وہاں ٹارگٹ کلرز کا کھلے عام دندناتے پھرنا اور دن کے اجالے میں لوگوں کی جانیں لے کر فرار ہو جانا سندھ حکومت کی کارکردگی اور سکیورٹی اداروں کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ کا نہ تھم والا سلسلہ کراچی سمیت ملک بھر میں جاری ہے جبکہ حکومت کو نہ تو کوئی فکر ہے اور نہ ہی کبھی ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کا ارادہ معلوم ہوتا ہے۔ علامہ امین شہیدی نے علامہ علی اکبر کمیلی شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو کراچی میں بدامنی اور دہشتگردی کے جن کو قابو کرنا محال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کراچی کو پرامن بنانے کے لیے حکومت اور سکیورٹی ادارے ٹھوس بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھائیں۔

 

 آخر میں علامہ امین شہیدی نے علامہ علی اکبر کمیلی کی شہادت پر علامہ عباس کمیلی کو تعزیت و تسلیت پیش کی اور کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ خدا انکے درجات میں بلندی عطا فرمائے اور لواحقین و وارثین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دراثنا شہید علامہ علی اکبر علی کمیلی کی نماز جنازہ بعد نماز ظہرین نمائش چورنگی مولانا رضی جعفرنقوی کی زیر اقتدا ادا کی گئی جب کے اس موقع پر علامہ امین شہید ی،علی حسین نقوی،حسن ہاشمی، انجینئر رضا نقوی ، علامہ علی انور ، مشبر حسن  ،مرکزی تنظیم عزا کے رہنما سلمان مجتبیٰ ،شبر رضا ،مولانا مرزا یوسف حسین ،آغا شیخ حسن صلاح الدین ۔رابطہ کمیٹی کے ارکین سمیت ہزاروں مومنین نے شرکت کی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree