وحدت نیوز(اسلام آباد) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سر گرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس چیئرمین نثار علی فیضی کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود صوبہ پنجاب نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تباہ کاریوں اور تمام تر صورتحال سے شرکاءاجلاس کو آگاہ کیا اور بتایا کہ ہمارے رضاکاروں نے فوری طور پر ریلیف کی سرگرمیوں کا آغازکر دیااور پہلے مرحلے میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانا اورانکی زندگی بچانا ہے کور کمیٹی کے اجلاس میں تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جائے اور نقصانات کا جائزہ لیا جائے سیلاب سے متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں جہاں پر متاثرین کامفت علاج کیا جائےگا اور ادویات تقسیم کی جائیں گی متاثرہ علاقوں میں راشن پیکٹ تقسیم کیے جائیں گے اس موقع پر چیئرمین خیرالعمل فاﺅنڈیشن نثار علی فیضی نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے بھائیوں کو اس مشکل صورتحال سے جلد از جلد نکالنے کے لیے خیرالعمل فاﺅنڈیشن کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے کی تباہی ہوئی ہے جس سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔خیرالعمل فاﺅنڈیشن مختلف علاقوں میں امدادی کیمپ بھی لگائے گی مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔