وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پاکستان عوامی تحریک، سنی اتحاد کونسل سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء ناصر عباس شیرازی کے اغواء کی شدید مذمت کی ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں علی زیدی، شیریں مزاری اور اعجاز چوہدری نے ٹوئیٹر پر جاری اپنے بیانات میں کہا کہ ناصر شیرازی کا اغواء سنگین اقدام ہے۔ علی زیدی نے کہا کہ ناصر شیرازی کو اگرکو ئی بھی ضرر پہنچا تو اسکی ذمہ دار پنجاب حکومت ہوگی ۔
تحریک انصاف کی مرکزی رہنما شیریں مزاری نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے رانا ثناء اللہ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر رکھی تھی اور کل رات انہیں اغواء کر لیا گیا ۔ شیریں مزاری نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ اپنی فرقہ وارنہ ہٹ دھرمی پر اتر آئے ہیں ، ناصر شیرازی کو راناثناءاللہ کے خلاف رٹ پٹیشن ہائی کورٹ میں داخل کرنے پر انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔اعجاز چوہدری نے کہا کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصرشیرازی کے اغواء کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، پنجاب حکومت اس غیر قانونی اقدام کی ذمہ دار ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ ناصر شیرازی کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ناصر عباس شیرازی کے اغواء کا مقدمہ شہباز شریف اور رانا ثناءاللہ کے خلاف درج ہونا چاہئے ، ایم ڈبلیوایم کے رہنماکو رانا ثناءاللہ کے خلاف مقدمہ کرنے پر پولیس وردی والوں کا اٹھا کر لے جانا قابل مذمت ہے، پنجاب کے موجودہ حکمرانوں ہمیشہ قانون اور آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں، اگر سانحہ ماڈل ٹاون کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچادیا جاتا تو یہ اب تک اس طرح پولیس اور انتظامیہ کے ذریعے سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ نا بنارہے ہوتے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ ایم ڈبلیوایم کے رہنما ناصر شیرازی کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغواء کی پرزور مذمت کرتے ہیں، ناصر شیرازی کی بازیابی یقینی بنائی جائے، ملزمان کو گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے، اس انداز میں سیاسی ومذہبی رہنماوں کا اغواء تشویش ناک ہے، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما فیصل کریم کنڈی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ناصر شیرازی کے اغواء کی پرزور مذمت کرتے ہیں ، سیاسی قائدین کا اس طرح ماورائے عدالت و قانون اغواء ریاستی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، کیا ہم بنانار ی پبلک ہیں ؟؟
سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضانے کہا کہ اغوا کاروں نے واردات کے موقع پر خود آپس میں باتیں کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ اور رانا ثنااللہ کو بتادیں کام ہوگیا ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مکمل طور پر بوکھلا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلف میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے ترمیم کے بعد ہمیں بھی دھمکیاں دی جار ہی ہیں کہ رانا ثناء اللہ کیخلاف آواز نہ اٹھائیں، لیکن ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کو ان کی اہلیہ کے سامنے اغوا کرنا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل ایم ڈبلیو ایم کیساتھ ہے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنماء خرم نواز گنڈہ پو ر نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر شیرازی کے اغوا کی شدیدمذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ایک اہم رٹ پٹیشن دائر کر رکھی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی نے کہا ہے واپڈا ٹاون لاہور سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنماسید ناصر شیرازی کا اغواء قابل مذمت اقدام ہے، پنجاب حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف طاقت کا استعمال ترک کرے،واضح رہے کہ بد ھ کی شب مجلس وحدت کے مرکزی رہنماءناصر شیرازی کو سادہ وردی اہلکاروں نے اغواء کر لیا تھا ۔