وحدت نیوز(ملتان)اسلام کے اوائل سے ہی خواتین کا اسلام کی بقا اور ترویج میں اہم کردار رہا ہے، خاتون جنت نے نبوت، امامت اور ولایت کا تحفظ کیا ۔جامعہ خدیجۃ الکبریٰ (س) کا سالانہ مدافع امامت وولایت سیمینار امام بارگاہ ابوالفضل العباس علمدار چوک کمہاراں والا میں منعقد ہوا۔سیمینار میں خصوصی طور پر مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔ سیمینار میں جنوبی پنجاب بھر سے ہزاروں خواتین نے شرکت کی۔
سیمینار سے بزرگ عالم دین حجت الاسلام والمسلمین علامہ قاضی شبیر حسین علوی، خانم زہراء زیدی، خانم زاہدہ بخاری سمیت دیگر خواتین نے خطاب کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اسلام کے اوائل سے ہی خواتین کا اسلام کی بقا اور ترویج میں اہم کردار رہا ہے، خاتون جنت نے نبوت، امامت اور ولایت کا تحفظ کیا، انقلاب اسلامی کے دوران خواتین نے جس طرح سے اپنا کردار ادا کیا ہے، وہ تاریخ کا سنہری باب ہے، آج ہماری مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کو اسی عزم اور استقامت کی ضرورت ہے، کوئٹہ کے کامیاب دھرنوں میں خواتین کا اہم کردار ہے، جنہوں اپنی استقامت کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کیے۔