وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مومن قریش، سید العرب حضرت ابوطالب علیہ السلام کے یوم وفات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ابو طالب اس عظیم ہستی کا نام ہے جن کی آغوش میں سردار الانبیاء حضرت محمدﷺ نے پرورش پائی۔ختمی مرتبت کی تربیت وحفاظت اور دین اسلام کی تبلیغ میں سب سے کلیدی کردار حضرت ابوطالب علیہ السلام کا تھا۔ حضور کریم ﷺ کو اپنے چچا کی جدائی کااس قدر صدمہ ہوا کہ انہوں نے اس سال کو غم کا سال قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایمان ابوطالب ع پر شک کرنے والے سخت ترین گنہگار ہیں۔جس شخصیت نے نبی ﷺ کا نکاح پڑھایا،زندگی بھر ان کی حفاظت کی۔جن کے عمل کو اللہ تعالیٰ کلام پاک میں اپنا عمل قرار دے رہے ہیں ان کا ایمان کس بلندی پر ہو گا اس کا اندازہ وہ دل و دماغ نہیں کر سکتے جو تعصب کے زنگ سے آلودہ ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے جناب ابوطالب علیہ السلام کی شان اقدس میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف توہین رسالت و توہین اہلبیت ع کے تحت مقدمات کے اندراج کا حکم جاری کیا جائے۔مسلمانوں کے مختلف مسالک کو ایک دوسرے کے خلاف صف آراء کرنے کے لیے مقدسات کو نشانہ بنانا ان طاقتوں کا ایجنڈا ہے جو مسلمانوں کو کمزور ترین دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایمان ابوطالب پر انگلی اٹھانے والے شدت پسند عناصر شرعی اعتبار سے دین اسلام کے مجرم ہیں۔انہیں روکنے کے لیےریاستی کو سختی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔انہوں نے یوم وفات کے موقع پر امام زمانہ علیہ السلام اور محبان اہلبیت ع کی خدمت میں تعزیت پیش کی ہے۔