وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم مبعث کے موقع پر مومنین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ رحمت اللعالمین ختمی مرتبت حضرت محمد ﷺ کی بعثت رب العالمین کا ہم پر خصوصی انعام ہے۔ خدا کے اس احسان کو ساری زندگی سجدے میں پڑے رہ کر بھی نہیں چکایا جا سکتا کہ اس نے ہمارا شمار شافع روز محشر ،سردارالانبیاء کے امتیوں میں کیا۔
انہوں نے کہ نبی کریم ﷺ نےبعثت سے قبل ہی اپنے اخلاق اور کردار و عمل سے مشرکین کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا۔نبی برحق نے جس دین اسلام کی تبلیغ کی اور لوگوں کو اپنی اسوہ حسنہ سے جس کی طرف مائل کیا آج اسلام دشمن طاقتیں اقوام عالم کو اس دین سے متنفر کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔ دین اسلام میں داخل کرنے کے لیے نبی کریمﷺ نے تیئیس سال مشرکین کے ظلم برداشت کیے آج عالم استکبار کے ایجنٹ مسلمانوں کو نبی ﷺ کے اس دین سےخارج کرنے کے لیے طرح طرح کی فتوی بازی میں مصروف ہیں۔تعلیمات نبوی میں ایسے کسی تکفیری عمل کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمدﷺ کی بعثت سے جہالت، کفر اور ظلم و ستم کے بادل چھٹ گئے اور انسانی قدریں ایک بار پھر زندہ ہونے لگیں۔ فریضہ الہی کی ادائیگی میں رسول اکرم ﷺ کے عزم و استقامت نے ایک شاندار اسلامی مملکت کو وجود بخشا اور ایک شخصیت نے اپنی بلند صفات سے پوری دنیا میں انقلاب برپا کیا۔