وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پشاور کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے سانحہ مسجد کوچہ رسالدار کے زخمیوں کی گھروں میں جاکر عیادت کی۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم سید ناصر عباس شیرازی اور صوبائی سیکرٹری جنرل خیبر پختونخوا علامہ سید وحید عباس کاظمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امام بارگاہ آغا گل گنج پشاور میں مجلس تکریم و ترحیم شہداء جامعہ مسجد کوچہ رسالدار سے بھی خطاب کیا۔ مجلس عزاء میں کثیر تعداد میں عوام کے علاوہ خانوادہ شہداء اور مجروحین نے خصوصی شرکت کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دہشتگردی سے متاثرہ مسجد کوچہ رسالدار کا بھی دورہ کیا اور وہاں نماز بھی ادا کی۔ اپنے دورہ پشاور کے موقع پر سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے مدرسہ شہید عارف حسینی میں بزرگ عالم دین علامہ سید جواد ہادی سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر فرزند شہید قائد سید حسین الحسینی بھی موجود تھے۔