وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کے داخلی معاملات میں امریکی مداخلت قابل مذمت ہے پوری قوم کو مبینہ امریکی مداخلت کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی چاہیے۔ امریکہ کی تاریخ آزاد ملکوں کے معاملات میں مداخلت سے بھری پڑی ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ اقوام عالم میں شیطانی کردار ادا کیا اسی لئے رھبر کبیر حضرت امام خمینی نے اسے بڑے شیطان کا لقب دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم خود دار اور غیرت مند قوم ہے جن پر انجمن غلامان امریکہ قابض رہے ہیں جو ڈالر کے عوض اپنی دھرتی ماں بیچتے رہے ہیں۔ اب وقت آچکا ہے کہ قوم امریکی غلامی کا طوق اتار پھینکے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا بیان ان کی غلامانہ ذھنیت کا ترجمان ہے کاش وہ حضرت علامہ اقبال سے غیرت و حمیت اور خودی کا درس لیتے تو قومی عزت و وقار کی توہین نہ کرتے۔ عمران خان کے طرز حکمرانی سے اختلافات کے باوجود ہم امریکی مداخلت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں امریکی سفیر کو پاکستانی معاملات میں مداخلت کے جرم میں ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر نکالا جائے۔ امریکہ سے خیر کی امید رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔