وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ن لیگ پنجاب کے صوبائی صدر رانا ثناء اللہ کا کالعدم جماعت کے ساتھ تحریری معاہدہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے۔ ن لیگ کی قیادت کو کالعدم دھشت گرد ٹولے سے دوستی رکھنے پر رانا ثناء اللہ سے بازپرس کرنی چاہئے۔ دھشت گرد گروہ سے نواز لیگ کا معاہدہ ملک میں دھشت گردی اور انتہا پسندی کے فروغ کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم دھشت گرد ٹولے کی پارلیمنٹ تک رسائی افسوس ناک ہے جس کے سبب ملک میں تکفیری سوچ اور انتہا پسندی پر مبنی قانون سازی کی کوشش ہو رہی ہے جس سے پاکستان میں قومی وحدت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ دھشت گرد ٹولے سے اتحاد مسلکی تفریق اور انتہا پسندی پر مبنی قانون سازی کا وعدہ دے کر ن لیگ نے بانی پاکستان حضرت قائداعظم کی فکر اور فلسفے سے بغاوت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے حوالے سے قربانیاں دیں دھشت گردوں کو مین اسٹریم سیاست میں لا کر ان شہداء کے خون سے غداری کی جا رہی ہے۔ قائداعظم کے مسلم پاکستان کو ضیاء الحق کے مسلکی پاکستان میں بدلنے کی مکروہ سازش کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔