وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ میں ہفتہ نزول قرآن کریم کی مناسبت پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مبارک رمضان بہار قرآن کا مہینہ ہے۔ اس مبارک مہینے میں ہمیں قرآن کریم کی تلاوت اور قرآن فہمی پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ 23 تا 27 رمضان المبارک کو قائد شہید علامہ سید عارف الحسینی نے ہفتہ نزول قرآن کریم کا عنوان دیا تھا۔ اس لئے ہمیں ہفتہ نزول قرآن کریم کی مناسبت سے تلاوت قرآن مجید اور قرآن فہمی کی خصوصی تقریبات منعقد کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ شب قدر نزول قرآن کریم کی رات ہے۔ اسی لئے یہ ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ شبہائے قدر اور رمضان المبارک کا آخری عشرہ عبادت الٰہی سے مخصوص ہے۔ اعتکاف سنت موکدہ ہے۔ ہمارے معاشرے میں سنت اعتکاف کا احیاء ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کو قرآنی افکار و تعلیمات سے مزین ہونا چاہئے، جبکہ ہماری نوجوان نسل کو قرآن کریم سے اپنا تعلق بڑھانا چاہئے۔ افسوس کہ آج بھی ہمارے معاشرے میں قرآن محجور ہے اور امت مسلمہ تارک قرآن ہونے کے سبب در در کی ٹھوکریں کھا رہی ہے۔ قرآن و اہل بیت سے تمسک ہی امت مسلمہ کو عزت و سربلندی کی منزل تک پہنچا سکتا ہے۔