وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام فلسطین، کشمیر اور یمن کے مظلومین سے حمایت کے لیے منعقدہ القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ اسرائیل عالمی سرمایہ دارانہ نظام اورکیمونزم کی ایجاد ہے۔انقلاب ایران کے بعد امام خمینی ؒ نے جمعۃ الوداع کے موقع پرپوری دنیا کے اندریوم القدس منانے کااعلان اس وقت کیا جب عالمی قوتیں اسرائیل کو ایک اٹل حقیقت منوانے پر تلی ہوئی تھیں۔اسرائیل کے خلاف عوامی مزاحمت نے اسرائیل کوشکست فاش سے دوچارکیا۔
امام خمینیؒ کی حمایت صرف زبانی نہیں تھی بلکہ غلیلوں سے لڑنے والی قوم کی جدیدٹیکنالوجی سکھائی گئی۔یہی وجہ ہے کہ آج وسعت پسندانہ عزائم کی تکمیل کے خواب دیکھنے والا اسرائیل اس وقت اپنے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے۔ شہید سلیمانی شہید راہ القدس ہیں جنہوں نے اسرائیل کے سارے منصوبوں کو خاک میں ملایا ہے۔اسرائیل کی کشتی میں سوراخ ہو چکا ہے جس کوئی اس پر سوار ہو گا اس کا ڈوب جانایقینی ہے۔جن قوتوں نے داعش کا راستہ روکا انہوں نے اسلام کی جنگ لڑی ہے۔عالمی استکباری طاقتوں کے خلاف مزاحمت کا سارا کریڈٹ رہبر انقلاب اور ان کے ساتھیوں کو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دشمن ہے اوراسے توڑناچاہتا ہے۔امریکہ و اسرائیل دو شیطان ہیں۔مختلف ریاستوں میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے یہ دہشت گردوں کو داخل کراتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ذاتی مفادات سے مادر وطن عزیز تر ہے۔پاکستان کے داخلی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پاکستان کے اندر داعش کی راہ ہموارکرنے کی کوشش ناکام بنائی جائے گی۔ شیعہ سنی مل کر ملک دشمنوں کا مقابلہ کریں گے۔