وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے چینی اساتذہ کو نشانہ بنائے جانے پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے اسے پاکستان اور چین کے برادرانہ تعلقات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں ارض پاک کے امن کو تباہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔ہمیں ان عناصر سے چوکنا رہنا ہو گا جو ملکی سالمیت و بقا کے سنگین خطرات پیدا کر رہے ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے۔عالمی استکباری طاقتیں اس خطے کو عدم استحکام کا شکار رکھنا چاہتی ہیں۔اگر ان کا راستہ نہ روکا گیا تو مادر وطن کی سالمیت و بقا کے لیے مشکلات کھڑی ہو جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کسی نئی آزمائش کا قطعی متحمل نہیں ہے۔امریکہ کی مداخلت کا مکمل خاتمہ ہمارے پرامن مستقبل کی ضمانت ہے بصورت دیگر اسی طرح کے بھیانک واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی اساتذہ پر حملے کے ذمہ داران عبرتناک سزاؤں کے مستحق ہیں۔انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں عالمی یوم القدس کی مناسبت سے جمعتہ الوداع کے دن ملک بھر میں قبلہ اول کی آزادی اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکحہتی کرتے ہوئے فرزندان پاکستان صدائے احتجاج بلند کریں گے اور القدس کے عنوان سے آج ایم ڈبلیو ایم مرکزی سیکرٹریٹ سمیت تمام صوبائی دفاتر میں بھی پریس کانفرنسسز کا انعقاد کیا جائے گا۔