وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات اسد عباس نقوی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کنونشن کور کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی استعماری طاقتوں کا ایک اہم نشانہ ہے اورآج وطن عزیز کو در پیش خطرات پہلے سے کئی گنا زیادہ ہیں ۔جہاں بیرونی مداخلت اور دبائو ہے وہیں بیرونی اور داخلی دہشتگردوں نے وطن عزیز کو مشق ستم بنا رکھا ہے۔پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کے جوان جو وطن عزیز کی جغرافیای سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے اس کیفیت سے نکلنے کے لئے دینی طبقات کا کردار اور مشترکہ بیانیہ بہت اہم ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے ماننے والونے پوری دنیا میں اپنے اپنے وطن کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا ہے وطن عزیز پاکستان کےعوام بھی دینی قیادت سے راہنمائی حاصل کرنا چاہتے ہیں دینی طبقات کی ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے۔ ملت کے علما ء کے رہبرانہ کردار کے تعین اور منظم سازشوں اور خطرات کا نظم کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لئے دینی قیادت کو صف اول پر کھڑے ہو کر قائدانہ کردار اد اکر کے پاکستان کو اس بھنور سے نکالنا ہو گااور پاکستان میں بیرونی مداخلت، فوج، عدلیہ اور دیگر اداروں کے خلاف ہونیوالی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا انہی موضوعات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس امر کی ضرورت محسوس ہو رہی ہےکہ ملک بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے انقلابی قیادت ایک جگہ جمع ہو کر منظم لائحہِ عمل تیار کرےاور ملک و ملت کی مشترکہ آواز بنیں ۔
اسد نقوی نے مزید کہاکہ اس سلسلہ میں قومی بیانیہ کے لئے جلد ایک عظیم الشان"وحدت کانفرنس" کا انعقاد کیا جائے گا جس میں پاکستان کی مذہبی قیادت خطاب فرمائے گی ۔ان شاء اللہ ملی و ملکی اور بین الاقوامی صورت حال کے تناظر میں اپنے وظیفہ شرعی کی بنیاد پر حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے یہ کانفرنس انتہائی مؤثر ثابت ہو گی ۔