وحدت نیوز(اسلام آباد) نومنتخب چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام اسلام آباد میں جاری تین روزہ مرکزی راہیان کربلا کنونشن کے آخری روز منعقدہ وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ امریکہ اور اُس کے حواری نہ صرف پاکستان بلکہ اُمت مسلمہ کے دشمن ہیں، وہ ہماری طاقت کو کمزور کرنا چاہتا ہے، ہماری مضبوطی اور کامیابی وحدت میں ہے، عزت کا راستہ اتحاد و وحدت کا راستہ ہے، پاکستان ہر دور میں امریکہ اور اُس کے حواریوں کی خواہش رہی ہے لیکن پاکستان کی محب وطن جماعتیں کل بھی امریکہ جیسے ناسور کے خلاف تھیں اور آج بھی اُسے درندہ سمجھتی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے فیصلے واشنگٹن کی بجائے اسلام آباد میں ہوں، ہم ایک آزاد اور خود مختار ملک کے خواہ ہیں، ہم چاہتے ہیں ہماری خارجہ پالیسی آزاد ہو اور ہم خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں ۔ امریکی اسٹیبلشمنٹ کو انسانیت کا دشمن سمجھتے ہیں، امریکہ کی ذات میں ظلم و بربریت ہے ، ہم امریکہ اور اس کے سسٹم سے نفرت کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ اسرائیل جسے امریکہ اور برطانیہ نے قائم کیا وہ انسانیت کا دشمن ہے ، فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والی ظلم و بربریت میں اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکہ برابر کا شریک ہے۔ ہم پاک فوج کی دل و جان سے قدر کرتے ہیں، ہم دوبارہ کسی کو ملک توڑنے نہیں دیں گے، اس ملک کے مسائل کا حل فوری الیکشن ہیں، کسی سیاسی و مذہبی شخص قتل ہوا تو عوام کو کوئی نہیں روک سکے گا، ہم مزید کسی ایڈوانچر کے متحمل نہیں ہیں، ہمیں میدان میں حاضر رہنا ہے اور ملک دشمنوں کا راستہ روکنا ہے۔ ہم نے اپنی فوج کو بھی بچانا ہے، جو بھی پاک فوج کو کمزور کرنے کی کوشش کرے وہ ملک کا دشمن اور قوم کا خائن ہے، جن چوروں ، خائنوں اور لٹیروں کو جیلو ں میں ہونا چاہیے تھا اُنہیں حکومت دیدی ہے اور جو قوم کے محب وطن ہیں اُنہیں مسنگ کر دیا ہے۔