وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسرائیلی صدر کی طرف سے پاکستانی وفد سے ملاقات کی تصدیق پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اصولی موقف سے خیانت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر اسرائیل کے سفر کی اجازت نہیں۔مذکورہ وفد کو غاصب اسرائیل کا دورہ کرنے کی اجازت کیوں اور کس کے ایما پر ملی۔دفتر خارجہ کو صیہونی غاصب ریاست اسرائیل کے دورے پر قوم کے سامنے وضاحت کرنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پر قابض اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر آگ وبارود برسانے والوں سے دوستی دین اسلام سے غداری ہے۔امریکہ و اسرائیل عالم اسلام کے کھلے دشمن ہے۔حکومت ہوشمندی کا مظاہرہ کرے۔اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی غاصب اسرائیل کے لیے معمولی سی لچک کشمیر پر ہمارے موقف کو کمزور کر دے گی۔اسرائیل کے معاملے میں ہمارا دو ٹوک اور سخت موقف ہی خطے کے امن اور سلامتی کی ضمانت سمجھا جائے گا۔