وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینئر صحافی و کالم نگار ایاز امیر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔علامہ راجہ ناصرعباس کا ایازامیر کو ٹیلیفون ان کی خیریت دریافت کی اور اظہار یکجہتی بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایاز امیر کو سچ بولنے کی سزا دی گئی ہے۔حق کی آواز دبانے کے لیے بالادست قوتوں کا ہمیشہ سے یہی چلن رہا ہے۔ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کی ذمہ داری صرف صحافی برادری کی نہیں۔ ہر باضمیر و حق پرست کو واقعہ میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا چاہئیے۔اس طرح کی غنڈہ گردی اور بھونڈی کوششوں سے حقائق کو دبایا نہیں جا سکتا۔چور دروازے سے داخل ہونے والے صاحبان اقتدار حق پرستوں سے ہمیشہ خائف رہے ہیں ۔واقعہ کربلا سے لے کر آج تک تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ظالموں کو ملنے والی عنایات عارضی اور ان کے لیے لعنت کا طوق دائمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایاز امیر پر حملے سے اس تاثرکو تقویت ملی ہے کہ پاکستان میں کسی بھی شریف شخص کی جان و مال محفوظ نہیں۔اگر حکومت آئین و قانون کی بالادستی چاہتی ہے تو مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے۔
علاوہ ازیں علامہ راجہ ناصرعباس نے ایاز امیر سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے ساتھ رونما ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئےان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کو اظہار بھی کیا۔