وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان کی داخلی خودمختاری، آزاد خارجہ پالیسی اور امریکی ڈکٹیشن سے نجات کے لیے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کا بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔جو حکمران پوری قوم کو آئی ایم ایف کے چنگل اور مہنگائی کے دلدل میں پھنسا رہے ہیں وہ ملک کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ عالمی مالیاتی ادارے سے قرض ملنے پر جشن مناکر قومی وقار کا تماشا بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خود دارحکمران اپنی قوم کو مقروض کرنے کی بجائے معاشی میدان میں خود کفیل ہونے کے لیے بہترین پالیسیاں مرتب کرتے ہیں۔وہ ملک جو ایٹم بم بنا سکتا ہے وہ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کیوں نہیں کر سکتا۔اس ملک میں صنعتیں لگا کر معیشت مضبوط کرنے کی بجائے قرض کے حصول پر کیوں زور دیا جاتا ہے۔دراصل وہ عالمی استکباری طاقتیں اس ملک کو مضبوط نہیں ہونے دیتیں جن کو ہمارے حکمران اقتدار تک پہنچنے کی سیڑھی سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ملک کو غلامی سے نجات دلانے کے جس عزم کا اظہار کیا ہے مجلس وحدت مسلمین کا روز اول سے یہی بیانیہ ہے۔ملک کا ہر باشعور اور ہر باضمیر شہری امریکہ کی غلامی سے نجات چاہتا ہے۔ پاکستان کو عالمی استکباری قوتوں سے حقیقی آزادی دلانے کے لیے تحریک انصاف کو کامیاب کیا جائے۔